،پہلے سہ ماہی کی فیس معاف کی جائے، پیرینٹس اسوسی ایشن کا حکومت سے مطالبہ
حیدرآباد ۔18۔ مئی (سیاست نیوز) گزشتہ دو ماہ سے زائد عرصہ سے تلنگانہ میں اسکول اور کالجس بند ہیں لیکن اسکول اور کالج انتظامیہ کی جانب سے سرپرستوں پر آن لائین فیس کی ادائیگی کیلئے دباؤ بنایا جارہا ہے ۔ حکومت نے جونیئر کالجس کو ہدایت دی ہے کہ وہ سرپرستوں سے فیس کی ادائیگی کیلئے اصرار نہ کریں جبکہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے تاحال اس طرح کی کوئی ہدایت نہیں دی گئی ۔ اس صورتحال کا فائدہ اٹھاکر کارپوریٹ اور خانگی اسکولوں کی جانب سے والدین اور سرپرستوں کو آن لائین فیس کی ادائیگی پر اصرار کیا جارہا ہے ۔ اسی دوران حیدرآباد اسکول پیرینٹس اسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پہلے سہ ماہی کی فیس کی معافی کے احکامات جاری کریں۔ طلبہ مارچ سے گھروں میں بند ہیں اور لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں والدین اور سرپرستوں کی معاشی صورتحال کمزور ہوئی ہے۔ ایسے میں اسکولوں کی بھاری فیس ادا کرنا ممکن نہیں ہے ۔ حکومت کی جانب سے اسکولوں کو ہدایت دی جائے کہ پہلے سہ ماہی کی فیس معاف کردیں۔ حکومت نے اسکولوں کو نئے تعلیمی سال کی فیس میں اضافہ نہ کرنے اور ٹیوشن فیس ماہانہ اساس پر حاصل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ پیرینٹس اسوسی ایشن نے شکایت کی کہ فیس کی ادائیگی کے سلسلہ میں اسکولس غذا کی سربراہی کی رقم کو بھی فیس میں شامل کر رہے ہیں جبکہ دو ماہ سے طلبہ اسکولوں سے دور ہیں اور غذا کی سربراہی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ لاک ڈاؤن کی مدت میں غذا اور دیگر سہولتوں کی فیس حاصل کرنا طلبہ اور ان کے سرپرستوں پر بھاری بوجھ ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکول انتظامیہ نئے تعلیمی سال کے آغاز کی تیاریوں کا بہانہ بناکر فیس ادا کرنے کیلئے میسیجس روانہ کر رہے ہیں۔ کئی اسکولوں نے لاک ڈاون کے دوران ٹیچرس اور دیگر ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی ہے۔ بعض کارپوریٹ اسکولوں کی جانب سے 50 فیصد ادائیگی کی اطلاع ملی ۔ اسکول انتظامیہ کا ماننا ہے کہ وہ فیس معافی یا پھر فیس میں کمی کے ذریعہ اخراجات کی پابجائی نہیں کرسکتے۔ ان حالات میں طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو حکومت کے احکامات کا انتظار ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ خانگی اسکولوں کے انتظامیہ نے وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی سے نمائندگی کی کہ اسکول فیس میں اضافہ نہ کرنے کے احکامات پر از سر نو جائزہ لیا جائے ۔ ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ تین ماہ سے اسکول خسارہ میں ہے اور 50 فیصد سے زائد طلبہ نے اپنی آخری ٹرم فیس بھی ادا نہیں کی ۔