فیض آباد جنکش کا نام ’ ایودھیا کینٹ ‘ ،یوپی حکومت کی مرکز کو تجویز

,

   

لکھنو: چیف منسٹراتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو مرکزی حکومت کو فیض آباد ریلوے جنکشن کا نام ایودھیا کینٹ رکھنے کی سفارش بھیجی ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر (سی ایماو)نے ٹویٹ کرکے یہ اطلاع دی جس میں کہا گیا ہے،’ چیف منسٹر نے فیض آباد ریلوے جنکشن کا نام بدل کر

’ Ayodhya Cantt‘

رکھنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ کسی بھی ریلوے اسٹیشن کے نام کی سفارش ریاستی حکومت کرتی ہے۔ اب مرکزی وزارت داخلہ کا کام ہے کہ وہ ریاستی حکومت کی سفارش پر فیصلہ کرے اور اسے ریلوے کو مطلع کرے ، جس کے بعد ریلوے اسٹیشن کا نام تبدیل کیا جائے گا۔اس سے قبل 2018 میں یوگی حکومت نے فیض آباد ضلع کا نام بدل کر اجودھیا کیا تھا۔ بی جے پی حکومت نے الہ آباد کا نام بدل کر پریاگ راج اور مغل سرائے کو پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن ریلوے اسٹیشن کردیا۔ حال ہی میں ، جھانسی ریلوے اسٹیشن کا نام بدل کر ’ویرانگانا لکشمی بائی ریلوے اسٹیشن‘ رکھنے کی مانگ نے بھی زور پکڑ لیا ہے۔اسٹیشن اور شہروں کے نام تبدیل کرنے کے پیچھے یوگی حکومت کی دلیل یہ ہے کہ مغل ہمارے ہیرو نہیں ہو سکتے۔ یہی وجہ ہے کہ مغلوں کے نام سے منسوب شہروں ، اسٹیشنوں اور عجائب گھروں (میوزیم) کے نام تبدیل کرنے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔فیض آباد ریلوے اسٹیشن کا نام ایودھیا کینٹ میں تبدیل کرنے کی درخواست ایودھیا سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ للو سنگھ اور بی جے پی لیڈر شوبھناتھ دوبے نے وزیر اعظم ، وزیر داخلہ ، وزیر ریلوے اور وزیر اعلیٰ سے کی تھی۔ للو سنگھ اور بی جے پی لیڈر شوبھ ناتھ دوبے نے مرکزی اور ریاستی قیادت کے علاوہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔بی جے پی لیڈر شوبھناتھ دوبے کہتے ہیں کہ یہ رام نگری ہے ، یہاں صرف رام رام جے سیتا رام کا ورد کیا جانا چاہیے ، شہر کا نام ان کے نام پر رکھا جانا چاہیے۔ وہ کہتے ہیں کہ اس ریاست کا نام اجودھیا ہونا چاہیے۔