فیض عام ٹرسٹ بے یار و مددگاروں کیلئے نعمت،بے شمار فلاحی کام ، افتخار حسین کی خدمات کو خراج تحسین ، جناب زاہد علی خاں کا خطاب

   

حیدرآباد۔7نومبر(سیاست نیوز)مدیر روز نامہ سیاست جناب زاہد علی خان نے کہاکہ ہتھیلی کی لکیروں میں مقدر ڈھونڈنے والوں کو اس بات کا بھی احساس ہونا چاہئے کہ جن کے ہاتھ نہیںہوتے ان کی بھی تقدیر ہوتی ہے اور ایسے ہی مصیبت او رمصائب زدہ لوگوں کی مدد کے لئے آگے ہاتھ بڑھانے والے ادارے کا نام فیض عام ٹرسٹ ہے ‘ جو بے کسوں اور مجبوروں کی مدد کے لئے ہمیشہ تیار رہتا ہے‘ ادارہ سیاست کے ملت فنڈ اور دیگر شعبوں کی جانب سے اسکالر شپ اور مالی امداد کا جو کام کیاجاتا ہے اس میںبھی نصف حصہ فیض عام ٹرسٹ کا شامل ہے‘ حالانکہ فیض عام ٹرسٹ کی کارکردگی پر ایک گھنٹہ طویل پائور پوائنٹ پیشکش کی گئی ‘ باوجود اس کے ایسے کئی کام ہیں جن کا احاطہ اس میںنہیںکیاگیاہے اور ان کاموں سے میں اچھی طرح واقف ہوں ۔آج یہاں پٹی سری راملو تلگویونیورسٹی میں فیض عام ٹرسٹ کے اسٹار طالبات جو مختلف تعلیمی شعبوں ( ایس ایس سی سے لیکر پیشہ وارانہ کورسس تک) میں میرٹ کی بنیاد پر نمبرات حاصل کرنے والے37طالبات میںنقدانعامات او راسناد کی تقسیم کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی ۔جناب زاہد علی خان ‘فیض عام ٹرسٹ کے روح رواں جناب افتخار حسین ‘ جناب شوکت علی مرزا کے علاوہ جناب محمد عالم خان‘محمد صلاح الدین ایوبی‘ محترمہ شمیم فاطمہ‘ جناب خواجہ کمال الدین‘جنا ب غلام یزدانی ایڈوکیٹ‘جناب مجید بیدار‘ جناب علی عابدی کے ہاتھوں اسناد اور نقد انعامات کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔قبل ازیں ڈاکٹر مخدوم محی الدین نے ٹرسٹ کے تعارف کے ساتھ کارکردگی پر مشتمل پائور پوائنٹ پیشکش کی ۔ اس کے علاوہ انعامات او راسناد حاصل کرنے والے طالبات نے بھی فیض ٹرسٹ اور ادارہ سیاست کی جانب سے ملنے والی مالی مدد کی وجہہ سے ان کی زندگیوں میں آئے انقلاب پر روشنی ڈالی اور تمام عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کیاہے۔سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے جناب زاہد علی خان نے کہاکہ فیض عام ٹرسٹ سے تعلیم حاصل کرتے ہوئے مختلف شعبوں میںاپنی قابلیت کا لوہا منوانے والی طالبہ علامہ اقبال ؒ کے وہ شاہین ہیں جن سے پہاڑوں کی چٹانوں میں بسیرا کرنے کا استفسار کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹرسٹ کی جانب سے بے شمار معذورین کی بھی مدد کی گئی ہے جن کا ذکر پائور پوائنٹ پیشکش میںنہیں کیاگیا ہے اور اس کے متعلق مجھے معلومات ہیں۔ فیض عام ٹرسٹ سے اللہ تعالی ایسے بے سہار ا اور مجبور لوگوں کی تقدیر بنانے کاکام لے رہا ہے۔جناب زاہد علی خان نے کہاکہ فیض عام ٹرسٹ کے ساتھ ملکر ہم نے کشمیرکے سیلاب زدگان‘ مظفر نگر کے فساد زدگان کے لئے بھی امداد پہنچانے کاکام کیاہے۔ جناب زاہدعلی خان نے فیض عام ٹرسٹ کے روح رواں افتخار حسین کی درازی عمر کے لئے دعاء کرتے ہوئے کہاکہ دفتر سیاست میںجب بھی کوئی ضرورت مند یا حاجت مند آتا ہے اور اس وقت اگر میرے اجلاس میںافتخار صاحب موجود ہوں تو وہ سب سے پہلے اس کی مدد کردیتے ہیں۔ جناب زاہد علی خان نے تقریب میںشریک تمام طلباوطالبات کے بہتر مستقبل کے لئے دعائیں کی اور کہاکہ جو تعلیم ہم سے چھین لی گئی تھی مگر ہم دوبارہ اس کو حاصل کرنے کی طرف لوٹ رہے ہیں اور ہر شعبہ میںہم کامیابی کے جھنڈے لہرانے کاکام کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس کامیابی پر ساری دنیاکی نظر آج تلنگانہ اور خاص طور پر حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر کے مسلمانوں کی طرف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جو کام فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے افتخار حسین کررہے ہیں وہ سارے ملک میںہونا چاہئے۔ بعدازاں ٹرسٹ سے مالی امداد حاصل کرنے کے بعد مختلف تعلیمی شعبوں میں اپنی قابلیت کا لواہا منوانے والے طلبہ سے مستقبل میںضرورت مندوں‘ پریشان ‘ مفلوک الحال لوگوں کی مدد کرنے کا عہد دلایاگیا۔ اس سے قبل ڈاکٹر مخدوم محی الدین کو ان کی خدمات پر فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے تہنیت بھی پیش گئی۔شہر کی معزز شخصیتوں کے علاوہ اولیائے طلبہ کی کثیرتعداد کی موجودگی کی وجہہ سے تلگویونیورسٹی آڈیٹوریم اپنی تنگ دامنی کاشکوہ کررہا تھا۔