فیض عام ٹرسٹ کی ملک بھر میں منفرد پہچان

   

l پیشہ وارانہ کورسیس کے طلباء و طالبات پر خصوصی توجہ ، اہلیتی ٹسٹ کا انعقاد
l ہزاروں طلباء و طالبات ، بیروزگار مرد و خواتین کی مدد میں سب سے آگے
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : فیض عام ٹرسٹ نے ایسے فلاحی خدمات کے ذریعہ نہ صرف تلنگانہ اور آندھرا پردیش بلکہ سارے ملک میں اپنی ایک منفرد پہچان بنائی ہے اورنگ آباد جیسے تاریخی شہر میں جناب سید ذوالفقار حسین مرحوم نے بڑے ہی خلوص نیت کے ساتھ یہ پودا لگایا تھا جو آج اس کے سکریٹری جناب افتخار حسین کی قیادت میں ایک تناور و مضبوط درخت میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ فیض عام ٹرسٹ سے تاحال ہزاروں کی تعداد میں غریب و نادار خاندانوں سے تعلق رکھنے والے طلباء وطالبات بیروزگار مرد و خواتین حالات کے ستائے ہوئے انسانوں ، معذورین نے بلا لحاظ مذہب و ملت استفادہ کیا جن میں ایسے کئی ہیں جو امریکہ برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ کے ملکوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ان میں ڈاکٹرس ، انجینئرس ، پیرا میڈیکل بیوٹیشن کورسیس کر کے اپنا مستقبل سنوارنے والے بھی شامل ہیں ۔ ٹرسٹ نے کسی ایک فرقہ یا مذہب کے ماننے والوں کی مدد نہیں کی بلکہ اس کے سایہ دار فلاحی درخت کے نیچے ہر ضرورت مند کو فائدہ حاصل ہوا ۔ یہ حیدرآباد کا ایک ایسا ادارہ ہے جس کے ذریعہ نہ صرف طلباء وطالبات کی مدد ہورہی ہے ۔ معذورین و بیروزگاروں کو روزگار فراہم کیا جارہا ہے بلکہ ملک بھر میں آفات سماوی ہو یا فرقہ وارانہ فسادات ان کے متاثرین کی بھی بھر پور مدد کی جاتی ہے ۔ اور یہ سب کام اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور حضور پاک ﷺ کے صدقے میں پایہ تکمیل کو پہنچتے ہیں ۔ اس میں فیض عام ٹرسٹ کے ہمدرد عطیہ دہندگان کا اہم کردار ہوتا ہے جو کسی نہ کسی طرح اس ادارہ کی دل کھول کر مدد کرتے ہیں ۔ فیض عام ٹرسٹ کی مختلف ٹیمیں بقول جناب افتخار حسین کے ڈیٹا کی تیاری میں مصروف ہے ۔ خاص طور پر کالج طلبہ اور پیشہ وارانہ کورسیس کرنے والوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے ۔ اس ضمن میں نیٹ کی تیاری کرنے اور میڈیکل تعلیم میں دلچسپی رکھنے والے طلباء وطالبات کے لیے ایک اہلیت ٹسٹ کا انعقاد عمل میں آیا اور آئندہ بھی ایسے ٹسٹوں کے اہتمام کا پروگرام ہے ۔ جناب افتخار حسین کے مطابق فیض عام ٹرسٹ نے فیصلہ کیا ہے اس سے استفادہ کرنے والے طلباء وطالبات کے ڈیٹا کی تیاری کے ساتھ اب ان کا اہلیتی ٹسٹ بھی لیا جائے گا ۔ ان کی ماہرین کے ذریعہ کونسلنگ کی جائے گی اور ان طلبہ میں کمیونیکیشن اسکیلس (بات چیت کی مہارت پیدا ) کی جائے گی ۔ اس سلسلہ میں آج دفتر فیض عام ٹرسٹ پر ایک اجلاس بھی منعقد ہوا ۔ شہر کے قانون داں جناب غلام یزدانی ایڈوکیٹ نے فیض عام ٹرسٹ کی ملی و قومی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اداروں دونوں جڑواں ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے ساتھ ساتھ سارے ملک میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے اور اس ادارہ کی خوش قسمتی یہ ہے کہ اسے دیانتدار مخلص ہمدرد شخصیتوں کی سرپرستی اور قیادت حاصل ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عطر کی خوشبو خود بخود ماحول کو معطر کردیتی ہے ۔ فیض عام ٹرسٹ بھی ایسی ہی خوشبو ہے جو نونہالان ملت کی تعلیمی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ۔ اجلاس میں رکن مجلس عاملہ جناب سید حیدر علی بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر سابق صدر جناب شمشاد مرحوم کی خدمات کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ۔۔