فیفا انڈر20 ورلڈ کپ کو ملتوی کرنے کا مطالبہ

   

زیورخ ۔4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) فٹ بال کی گورننگ باڈی فیفا کے ورکنگ گروپ نے فیفا ایونٹس سمیت متعدد معاملات پر سفارشات بیورو کو بھجوا دی ہیں۔ فیفا انڈر20 ویمن ورلڈ کپ اور انڈر17 ویمن ورلڈکپ کو ملتوی کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے۔کورونا وائرس کے بعد کی صورتحال پر فیفا کے اعلیٰ سطحی ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس ہوا جس میں فیفا ایونٹس سمیت متعدد معاملات پر سفارشات تیار کی گئیں جوکہ فیفا بیورو کو بھجوا دی گئی ہیں جو حتمی فیصلہ کرے گا۔ سفارشات میں جون میں ہونے والے تمام بین الاقوامی میچز کو ملتوی کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ اگست اور ستمبر میں پاناما اور کوسٹا ریکا میں ہونے والے انڈر20 ویمن ورلڈ کپ اور نومبر میں ہندوستان میں کھیلنے جانے والے فیفا انڈر17 ویمن ورلڈ کپ کو بھی ملتوی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ورکنگ گروپ نے 2021 میں ٹوکیو اولمپکس کے لئے کھلاڑیوں کا شرائط 2020ء کی بنیاد پر ہی رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔