زیورک: قطر میں منعقدہ فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے سب سے بہترین گول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔فیفا کی جانب سے گول آف دی ٹورنمنٹ کیلئے ووٹنگ میں 10 گول شامل تھے لیکن فٹبال کے شائقین نے سب سے زیادہ برازیل کے رچرلیسن کے گول کو پسند کیا۔ اس ورلڈ کپ میں برازیل نے سربیا کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلا، جس میں رچرلیسن نے پہلا گول 62 جبکہ دوسرا گول 73 ویں منٹ میں داغ کر ٹیم کو فتح سے ہم کنار کروایا تھا۔ 73 ویں منٹ میں ونیش جونیئر کے پاس پر ریچرلیسن نے بائی سائیکل کک مار کر گیند کو جال میں پہنچایا، جسے اب ’گول آف دی ٹورنمنٹ‘ قرار دیا گیا ہے۔ اس ایونٹ کی سب سے فیورٹ ٹیم برازیل ورلڈکپ تو نہ جیت سکی لیکن اس گول کا سحر ٹورنامنٹ کے ختم ہونے کے بعد بھی شائقین پر طاری رہا۔ فیفا نے ’گول آف دی ٹورنمنٹ‘ کا سلسلہ 2006ء ورلڈ کپ سے شروع کیا تھا۔