ایران کے مقابلے میکسیکو منتقل ہونے کا امکان
نئی دہلی، 17 مارچ (آئی اے این ایس) فیفا ورلڈکپ 2026 میں ایران کی شرکت غیر یقینی کا شکار ہوگئی ہے، کیونکہ ایران قومی فٹبال ٹیم کی فیڈریشن نے سکیورٹی خدشات کے باعث امریکہ کے بجائے میکسیکو میں اپنے میچز کروانے کے لیے فیفا سے بات چیت شروع کر دی ہے۔ ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی یقین دہانی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ ان کے مطابق جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ ایرانی ٹیم کی سکیورٹی کی ضمانت نہیں دے سکتے تو ہم یقیناً امریکہ کا سفر نہیں کریں گے۔ ہم فیفا سے مذاکرات کر رہے ہیں کہ ایران کے میچز میکسیکو میں منعقد کیے جائیں۔ یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا۔ اس تنازعہ نے ایران کی عالمی مقابلوں میں شرکت کو بھی متاثرکیا ہے۔ قبل ازیں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کو ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت ہوگی، لیکن ساتھ ہی یہ بھی تسلیم کیا کہ سکیورٹی کے حوالے سے حساسیت موجود ہے اور ممکن ہے کہ ٹیم کے لیے امریکہ میں کھیلنا محفوظ نہ ہو۔ واضح رہے کہ 48 ٹیموں پر مشتمل اس توسیع شدہ ورلڈکپ کی میزبانی امریکہ، میکسیکو اورکینیڈا مشترکہ طور پر کریں گے۔ ایران نے 25 مارچ 2025 کوکوالیفائی کرتے ہوئے ایشیا کی پہلی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ شیڈول کے مطابق ایران کو اپنے گروپ کے دو میچز لاس اینجلس اور ایک میچ سیئٹل میں کھیلنا تھا، تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر ان مقامات میں تبدیلی کا امکان ظاہرکیا جا رہا ہے۔ اگر صورتحال مزید خراب ہوتی ہے تو ایران کے ٹورنمنٹ سے دستبردار ہونے کا امکان بھی موجود ہے، جو ورلڈکپ کی جدید تاریخ میں ایک غیر معمولی واقعہ ہوگا اور اس صورت میں فیفا کو متبادل ٹیم کے انتخاب کا مشکل فیصلہ کرنا پڑ سکتا ہے۔ فی الحال ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے کہا ہے کہ اسے ایران کی ممکنہ دستبرداری کے حوالے سے کوئی باضابطہ اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ ایرانی فیڈریشن نے بھی تاحال شرکت کے عزم کا اعادہ کیا ہے، تاہم بدلتی ہوئی صورتحال نے غیر یقینی کو برقرار رکھا ہے۔ ایران ۔امریکہ جنگ کی وجہ سے اس وقت حالات کشیدہ ہیں۔