جنیوا،30 دسمبر(یو این آئی ) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے اعلان کیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لئے اب تک 15 کروڑ سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جو فٹ بال ورلڈ کپ کی تاریخ میں ٹکٹوں کی طلب کا نیا ریکارڈ ہے ، حالانکہ رینڈم سلیکشن ڈرا مرحلہ ابھی مکمل نہیں ہوا۔11 دسمبرکو ٹکٹوں کے رینڈم سلیکشن مرحلے کے آغازکے بعد200 سے زائد ممالک اور خطوں کے شائقین نےFIFA.com/tickets پر درخواستیں جمع کروائیں۔ یہ مرحلہ 13 جنوری2026 تک جاری رہے گا۔ فیفا نے بتایا کہ تصدیق شدہ کریڈٹ کارڈ نمبرز کی بنیاد پر دیکھا جائے تو2026 ورلڈکپ کے ٹکٹوں کی طلب دستیاب ٹکٹوں سے30 گنا زیادہ ہے ۔ مزید یہ کہ موجودہ طلب1930 سے اب تک کھیلے گئے ورلڈ کپ کے تمام 22 ایڈیشنزکے964 میچز میں شریک ہونے والے مجموعی شائقین کی تعداد سے3.4 گنا زیادہ ہے ۔ فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے اس موقع پر کہا ہے کہ فیفا ورلڈکپ2026 کرہ ارض کا سب سے عظیم اور جامع ایونٹ بننے جا رہا ہے ۔ شائقین کی جانب سے ملنے والا یہ غیرمعمولی ردعمل اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ فٹبال کو دنیا بھر میں کس قدر محبت حاصل ہے ۔ ہم شمالی امریکہ میں تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں، جہاں دنیا کو پہلے سے کہیں زیادہ قریب لاکر اتحاد اور فٹبال کے بہترین کھیل کا جشن منایا جائے گا۔ واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026کا آغاز11 جون کو ہوگا جبکہ فائنل19 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ یہ میگا ایونٹ کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ کے16 شہروں میں منعقد ہوگا۔ پہلی بار ورلڈکپ میں48 ٹیمیں حصہ لیں گی اور مجموعی طور پر104 میچز کھیلے جائیں گے ۔
