سڈنی ( آسٹریلیا)فیفا ورلڈ کپ کے فائنل مقابلہ میں اسپین نے انگلینڈ کو 1-0سے شکست دیکر پہلی مرتبہ فیفا ویمنس ورلڈ کپ جیت لیا ہے۔اسپین کی کپتان اولگا کارمونا نے فیصلہ کن گول کر کے اسپین کو انگلینڈ کے خلاف ایک گول سے شکست دینے میں اہم رول ادا کیا۔ اتوار کو آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں فیفا ویمنس ورلڈ کپ کا فائنل میاچ کھیلا گیا جس میں بھاری تعداد میں شائقین فٹبال موجود تھے۔ سخت مقابلہ کے بعد اسپین نے ٹائٹل جیت لیا۔ کارمونا نے 29 ویں منٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور انہیں صرف ایک سیکنڈ کے فرق سے گول کرنے میں کامیابی ملی ۔ انگلینڈ کی گول کیپر میری ایرپس نے جینیفر ہرموسو سے دوسرے ہاف کی پنالٹی کو بچایا۔اگرچہ انگلینڈ نے سخت مزاحمت کی لیکن اسپین کی شاندار کاوشوں اور شاندرا کھیل نے انہیں فتح کے ایک انچ بھی قریب نہیں ہونے دیا۔ یہ اسپین کا پہلا ورلڈ کپ ٹائٹل تھا جبکہ انگلینڈ کا ورلڈ کپ جیتنے کا انتظار ابھی جاری ہے۔ اسپین، جس نے 2015 میں خواتین کے عالمی کپ کا آغاز کیا تھا، اس سے پہلے کبھی بھی ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل تک نہیں پہنچا تھا، لیکن کارمونا کی ٹیم نے اعلیٰ درجہ کی انگلینڈ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔اسپین اب انڈر 17، انڈر 20 اور سینئر لیول پر خواتین کی عالمی چیمپئن ہے ۔میچ کے ابتدائی منٹوں میں اسپین کے پاس گیند پر زیادہ قبضہ تھا اور اس کے پاس انگلش دفاع کو توڑنے کے مواقع ملے ۔ 15ویں منٹ میں ماریونہ کالڈینٹی نے جارجیا اسٹین وے سے گیند چھیننے کی کوشش کی لیکن اسٹین وے کے گرتے ہی ریفری نے دوسری سمت میں فری کک دی۔لارین ہیمپ نے جوابی کارروائی میں انگلینڈ کا کھاتہ تقریباً کھول دیا تھا لیکن اس کا شاٹ کراس بار پر لگا۔ دو منٹ بعد اسپین کو گول کرنے کا موقع ملا لیکن میری آرپس نے البا ریڈونڈو کی کوشش کو گول پوسٹ سے صرف ایک ملی میٹر کی دوری سے روک دیا۔انگلینڈ نے پہلے ہاف میں اسپین کے دفاع کو بھلے ہی مشکل میں ڈال دیا ہو لیکن کپتان کارمونا نے ابتدائی برتری حاصل کر لی۔ ہاف ٹائم تک اسپین 1-0 سے آگے تھا۔ انگلش ٹیم کی آخری کوشش لارین جیمز نے 75ویں منٹ میں کی جسے اسپین کی گول کیپر نے آسانی سے روک دیا۔ اسپین نے آخری لمحات میں بھی اپنے جارحانہ رویے کو نہیں چھوڑا اور انگلینڈ کو واپسی کا موقع نہیں مل سکا۔ آخری سیٹی بجی اور اسپین کے تمام کھلاڑی خوشی میں ڈوب گئے ۔