عدالت نے لڑکے کو معاف کردیا
بہارشریف (بہار) ۔20 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام)بہار کے ضلع نالندہ کی ایک عدالت نے 16 سالہ لڑکے کو معاف کردیا جسے ایک خاتون کا پرس چھیننے پر محروس کیا گیا تھا۔ عدالت کو معلوم ہوا کہ جاریہ ملک گیر لاک ڈاؤن کے سبب اُس کا بھائی اور ذہنی طورپر معذور ماں کئی دن سے فاقے کررہے تھے ۔ حالات نے اُسے چوری پر مجبور کیا ۔ پرنسپل مجسٹریٹ جوینائل جسٹس بورڈ مانویندر مشرا نے حالات سے آ گہی کے بعد نابالغ ملزم کو معاف کردینے کا فیصلہ کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اس کی فیملی کو حکومت کی اسکیمات کے تحت رہنے اور کھانے کی سہولت یقینی ہوجائے ۔ عدالت نے پولیس کو بھی ہدایت دی کہ چار ماہ بعد اس لڑکے کے طرزعمل کے بارے میں رپورٹ پیش کی جائے ۔ عدالت کی ہدایت کے بعد اسلام پور بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر پریہ درشی راجیش نے کہاکہ اُنھوں نے لڑکے کے گھر جاکر اُس کی فیملی کو راشن اور دیگر ضروری اشیاء مہیا کرائے جو ایسے نادار لوگوں کو حکومتی اسکیمات کے تحت ملتے ہیں۔