فینانسروں سے شادی رکوانے کی دھمکی پر ہونے والے دلہے کی خودکشی

   

حیدرآباد ۔ 21 نومبر ۔ ( سیاست نیوز) شادی رکوانے کی دھمکی سے دلبرداشتہ ایک نوجوان نے خودکشی کرلی جس کی 23 نومبر کو شادی مقرر تھی ۔ یہ افسوسناک واقعہ ونستھلی پورم پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 23 سالہ سریکانت نے نامعلوم زہریلی دواء کا استعمال کرلیا ۔ سریکانت کے گھر رشتہ داروں کی آمد کا سلسلہ جاری تھی ۔ اگلے دو دن میں سہرہ سجنے والا تھا کہ افراد خاندان نے اس کی ارتھی سجادی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق سریکانت بی این ریڈی نگر علاقہ میں رہتا تھا جو پیشہ سے الیکٹریشن تھا ۔ سریکانت نے چند فینانسروں سے قرض لیا تھا ۔ حیات نگر سے تعلق رکھنے والے فینانسر (2) لاکھ روپئے کی رقم کیلئے سریکانت پر دباؤ ڈال رہے تھے اور قرض کی رقم ادا ء کرنے کیلئے ہراساں و پریشان کررہے تھے ۔ ذرائع کے مطابق ان فینانسروں نے شادی رکوانے کی دھمکی دی تھی اور گھر کو تالا ڈالنے کی دھمکیاں دیکر رسواء و ہراساں کررہے تھے ۔ سریکانت نے ایک ویڈیو ریکارڈ کیا جس میں والدین سے معافی مانگنے کے بعد تالاب کارُخ کیا اور شراب میں نامعلوم زہریلی دواء کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ پولیس ونستھلی پورم مصروف تحقیقات ہے ۔ ع