مہاتما جیوتی راؤ پھولے پرجا بھون میں کمیشن کا اجلاس ، مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد۔9 ۔ستمبر۔(سیاست نیوز) 16ویں فینانس کمیشن نے آج مہاتما جیوتی راؤ پھولے پرجا بھون میں مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے ذمہ داروں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں 16 ویں فینانس کمیشن کی سفارشات کے سلسلہ میں تجاویز حاصل کی۔ صدرنشین فینانس کمیشن ڈاکٹر اروند پنا گریا نے آج پرجا بھون میں ریاست کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں اور شراکت داروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ان سے تبادلہ خیال کیا ۔تلنگانہ کے دورہ کے دوران آج فینانس کمیشن کے ذمہ داروں نے پہلے دن کی جانے والی ملاقاتوں کے دوران وسیع تر مذاکرات کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں‘ غیر سرکاری تنظیموں ‘ تجارتی تنظیموں کے علاوہ کاروباری تنظیموں کے ذمہ داروں سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات کے دوران صدرنشین 16ویں فینانس کمیشن ڈاکٹر اروند پنا گریا کے علاوہ اراکین اجئے نارائن جھا‘ اینی جارج میتھو ڈاکٹر منوج پانڈا سومیہ کانتی گھوش کے علاوہ رتوک پانڈے موجو د تھے ۔ آج دن بھر منعقد ہونے والے اجلاسوں کے دوران ادارہ جات مقامی کے ذمہ داروں ‘ مئیر بلدیات اور صدورنشین بلدیات نے بھی ملاقات کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کی ترقی کے متعلق کمیشن کے ذمہ داروں کو واقف کروایا ۔ بعدازاں صدرنشین ریاستی فینانس کمیشن ڈاکٹر ایس راجیا نے سابق سرپنچوں اور ادارہ جات مقامی کے ذمہ داروں کے ہمراہ کمیشن کے ذمہ داروں سے ملاقات کی ۔سیاسی جماعتوں کے نمائندے جنہوں نے کمیشن کے ذمہ داروں سے ملاقات کی ان میں کانگریس سے ٹی رام موہن ریڈی ‘ بھارت راشٹرسمیتی سے سابق ریاستی وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ ‘ مسٹر پی راجیشور ریڈی ‘مسٹر ویویکانند‘ بھارتیہ جنتا پارٹی سے مسٹر ایٹالہ راجندر‘ مسٹر پرکاش ریڈی‘ مسٹر کے وینکٹیشورلو‘ سی پی ایم سے مسٹر ایم نرسمہا ریڈی ‘ تلگودیشم پارٹی سے مسٹر ایس بھوپل ریڈی ‘ مجلس اتحاد المسلمین سے جناب اکبر الدین اویسی قائد ایوان مقننہ ‘ جناب سید امین الحسن جعفری سابق رکن قانون ساز کونسل ‘ جناب احمد بن عبداللہ بلعلہ کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی ملاقات کی ۔ کمیشن کے ذمہ داروں نے حکومت تلنگانہ کے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے بھی ریاست کی ترقی اور درکار سہولتوں و سفارشات کے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کمیشن کے صدرنشین اور اراکین کے علاوہ عہدیداروں کے اعزاز میں عشائیہ ترتیب دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ صدرنشین کمیشن و اراکین 10 ستمبر کو چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ‘ ریاستی کابینہ کے اراکین اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ ملاقات کریں گے۔3