فینانس کمیشن کی کارکردگی میں تبدیلی کی حمایت

   

۔15 ویں فینانس کمیشن کے دورہ سے قبل چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج فینانس کمیشن کی کارکردگی میں تبدیلی کی حمایت کی اور ریاستوں کو دئیے جانے والے فنڈس کی حوالگی پر بھی زور دیا ۔ ریاستوں کے تقاضوں کو پورا کرنا بھی ضروری ہے ۔ کے سی آر نے 15 ویں فینانس کمیشن کے امکانی دورہ تلنگانہ سے قبل سینئیر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ فینانس کمیشن کی جانب سے ریاستوں کا دورہ کیا جارہا ہے ۔ ان کے دورہ کے بعد ہی ریاستی حکومتوں سے ان کی رائے حاصل کی جائے گی ۔ کے سی آر نے محکمہ فینانس کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ایک یادداشت تیار کریں جس میں ریاستوں کے تقاضوں اور ضروریات کو نمایاں کیا جائے اور رپورٹ میں ریاست کی ضرورتوں کو بھی شامل کیا جائے ۔ کے سی آر نے احساس ظاہر کیا کہ ملک کی آزادی کے بعد سے اب تک کوئی معیاری تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ اس پر اپنا محاسبہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی پر توجہ دی جانی چاہئے ۔ کیوں کہ ریاستوں کی ترقی میں ہی ملک کی ترقی ہے لہذا ریاستوں کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہئے ۔ چیف منسٹر کے کل بروز جمعہ بھی پرگتی بھون کیمپ آفس پر فینانس ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کا جائزہ اجلاس منعقد کیا تھا ۔ جس میں بجٹ کی تیاری کا جائزہ لیا گیا ۔ مرکزی حکومت کی طرح تلنگانہ حکومت بھی علی الحساب بجٹ پیش کرے گی ۔۔