فینانس کمیشن کے صدر نشین سے اتم کمار ریڈی کی ملاقات

   


مجالس مقامی کو فنڈز کی اجرائی اور کالیشورم پراجکٹ پر رپورٹ کی درخواست
حیدرآباد۔صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے 15 ویں فینانس کمیشن کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔ صدرنشین 15ویں فینانس کمیشن این کے سنگھ نے تمام پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کو رپورٹ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومتوں کو مجالس مقامی کیلئے متعینہ فنڈز فوری طور پر جاری کئے جائیں۔ ریاستی حکومتیں فینانس کمیشن کے فنڈز کے خرچ کے بارے میں سرپنچوں پر کوئی پابندیاں عائد نہ کریں۔ مقامی ضرورتوں کے مطابق سرپنچوں اور مجالس مقامی کو فنڈز خرچ کرنے کا اختیار حاصل رہے گا۔ فینانس کمیشن، منڈل اور ضلع پریشدوں کو مناسب فنڈز جاری کرے تاکہ ترقیاتی سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ اتم کمار ریڈی نے کمیشن کو بتایا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے حاصل کردہ بڑے پیمانے پر قرض کے نتیجہ میں ترقیاتی اسکیمات ٹھپ ہوچکی ہیں۔ حکومت قرض کے بوجھ تلے دب چکی ہے اور فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کو نظرانداز کردیا گیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کالیشورم پراجکٹ کے بارے میں فینانس کمیشن کی رپورٹ کا حوالہ دیا اور کہا کہ کمیشن نے پراجکٹ پر کئے گئے بھاری خرچ پر اعتراض جتایا ہے ۔ انہوں نے کمیشن سے خواہش کی کہ وہ اپنی رپورٹ ارکان پارلیمنٹ کو روانہ کرے۔ واضح رہے کہ فینانس کمیشن نے پارلیمنٹ کو پیش کردہ رپورٹ میں کالیشورم پراجکٹ کے بھاری اخراجات کو غیر ضروری قراردیا اور کہا کہ پراجکٹ سے تلنگانہ کے کسانوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا ہے۔ پراجکٹ میں بے قاعدگیوں سے متعلق انکشافات پر تنازعہ پیدا ہوگیا اور کانگریس پارٹی نے اس معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری طرف حکومت نے کمیشن کے الزامات کو مسترد کردیا۔اتم کمار ریڈی نے کمیشن کے اجلاس میں تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کی تفصیلات پیش کی ۔