فینانشیل ایکشن ٹاسک فورس کا آج پیرس میں اجلاس

,

   

Ferty9 Clinic

پاکستان پر معاشی تحدیدات سے متعلق قطعی فیصلہ متوقع
اجلاس کے بعد حافظ سعید کو رہا کردیا جائے گا‘ہندوستان کا دعویٰ

اسلام آباد۔/15فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) فینانشیل ایکشن ٹاسک فورس کا اتوار 16 فبروری کو پیرس میں اجلاس ہوگا جس میں پاکستان پر معاشی تحدیدات عائد کرنے سے متعلق قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ گذشتہ سال ستمبر میں ٹاسک فورس نے دہشت گردی سرگرمیوں پر قابو پانے میں ناکامی پر پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کردیا تھا۔ اسی دوران ہندوستان نے دعویٰ کیا ہے کہ جیش محمد نے بالا کوٹ میں دو عمارتیں تعمیر کردی ہیں جہاں دہشت گردی کی ٹریننگ دی جائے گی۔ ہندوستانی انٹلی جنس ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ دہشت گرد تنظیم جیش محمد ، پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دے رہی ہے۔ ہندوستانی فضائیہ نے گذشتہ سال 26 فبروری کو جیش محمد کے اسی سنٹر کو نشانہ بنایا تھا اور یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ اس کے 200 تا300 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ دوسری طرف پاکستان نے کسی جانی نقصان سے انکار کردیا تھا۔ ہندوستان کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ فینانشیل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس کے بعد حافظ سعید کو رہا کردیاجاسکتا ہے۔ منی لانڈرنگ مقدمات میں حافظ سعید کو دی گئی سزا میں جان بوجھ کر خامیاں چھوڑی گئی ہیں۔ اخبار ’ ڈاون ‘ کے مطابق حافظ سعید کے وکیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹاسک فورس کے دباؤ کے باعث ہی ان کے موکل کو سزا سنائی گئی ہے اور وہ اس فیصلہ کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ توقع کی جارہی ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستان کو امریکہ کی حمایت حاصل ہوگی۔ پیرس میں 16 تا21فبروری پلینری اور ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوگا۔ انٹر نیشنل واچ ڈاگ ایف اے ٹی ایف اپنے اجلاس میں قواعد کے مطابق عمل نہ کرنے والے ممالک کی فہرست سے اس کو نکالنے پاکستان کی درخواست پر غور کرے گا۔ امریکی سفارت کار نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کی ستائش کی ہے جس میں حافظ سعید اور اس کے ساتھیوں کو منی لانڈرنگ مقدمات میں سزا سنائی گئی ہے۔ چیف امریکی سفارتکار برائے جنوب ایشیائی اُمور ایلیس جی ویلس نے اس کو دہشت گردی کے خلاف اہم قدم قرار دیا ہے۔