فینسی نمبرات ، آر ٹی اے کے لیے پیسوں کی بارش کا ذریعہ

   

”9999″ نمبر 11.50 لاکھ روپئے میں اور ”0006″ نمبر 1.53 لاکھ روپئے میں فروخت
حیدرآباد ۔ /24 ڈسمبر (سیاست نیوز) بعض گاڑی مالکین کی خواہش ہے کہ ان کی گاڑیوں کیلئے فینسی نمبرات حاصل کئے جائیں ۔ ایسی خواہش آر ٹی اے کیلئے پیسوں کی بارش کررہی ہے ۔ خیریت آباد زونل آر ٹی اے آفس میں فینسی نمبرات کی فروختگی کیلئے ہونے والے ہراج میں گاڑی مالکین فینسی نمبرات حاصل کرنے کیلئے ایک دوسرے پر سبقت لے گئے اور کافی زیادہ مانگ والے 9999 نمبر کو ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی کافی بڑی قیمت پر خریدا گیا ۔ 2.96 کروڑ کی قیمت والی رینج روور کار کیلئے ایک ادویہ ساز کمپنی نے جملہ 11.50 لاکھ روپئے ادا کرتے ہوئے حاصل کیا ہے ۔ واضح ہو کہ یہی نمبر ماضی میں 10 لاکھ کی قیمت پر فروخت ہوا تھا اسی طرح 0006 نمبر 1.53 لاکھ ، 0009 نمبر 1.26 لاکھ تک گاڑی مالکین نے بولی لگائی ۔ جے ٹی سی پانڈو رنگا نائک نے بتایا کہ صرف خیریت آباد آر ٹی اے کو فینسی نمبرات کی فروختگی کے ذریعہ 23,46,321 روپئے حاصل ہوئے ہیں ۔ اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ ہر تین ماہ میں ایک مرتبہ فینسی نمبرات کا ہراج منعقد کیا جاتا ہے اور یہ ہراج گریٹر حیدرآباد کے تمام آر ٹی اے دفاتر میں منعقد کیا جاتا ہے ۔ سیاسی قائدین اور فلم اسٹارس کافی تعداد میں رہنے والے علاقے خیریت آباد آر ٹی اے دفتر سے فینسی نمبرات حاصل کرنے کیلئے زیادہ کوشش کی جاتی ہے ۔