ویسٹ زون آر ٹی اے آفس میں نمبرات کی نئی سیریز کے آغاز پر موٹر کار مالکین کے درمیان مسابقت
حیدرآباد ۔25 جنوری (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں واقع ویسٹ زون آر ٹی اے آفس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کار کے فینسی نمبر 9999 کا 8.5 لاکھ روپئے میں ہراج کیا گیا۔ بتایا جاتا ہیکہ TS-13EP کی نئی سیریز کا آغاز ہونے پر فینسی نمبر 9999 کے حصول کیلئے چار کار مالکین کے مابین زبردست مسابقت پائی گئی اور ایک دوسرے کا مقابلہ کرکے زیادہ سے زیادہ بولی لگاتے ہوئے اپنی حیثیت کے لحاظ سے 9999 فینسی نمبر کیلئے سخت مقابلہ درپیش رہا لیکن بالآخر مسٹر کے سریکانت نامی گاڑی مالک نے فینسی نمبر 9999 کو 8.5 لاکھ روپئے بولی کے ذریعہ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ بتایا جاتا ہیکہ مقابلہ میں گرین اسٹون انفراسٹرکچر کمپنی نے 1,06,525 لاکھ روپئے مسٹر اکبر روپانی نے 1,81,100 لاکھ روپئے مسٹر سنجے سنگھ ٹھاکر نے 2,30,000 لاکھ روپئے کی بولی لگا کر مسابقت میں حصہ لیا۔ مسٹر وینکٹیشور راؤ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر ویسٹ زون آر ٹی اے آفس نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس مقابلہ میں قرعہ اندازی کے ذریعہ مسٹر کے سریکانت نے 8.5 لاکھ روپئے بولی کے عوض TS.13EP-9999 فینسی نمبر حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایسا ہی فینسی نمبر سال 2019ء میں یونی ایڈز نے 4.65 لاکھ روپئے بولی کے ذریعہ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کیا تھا۔