فیور سروے سے تیسری لہرکو قابو کرنے میں مدد ملی : ہریش راؤ

   

حیدرآباد /6 فروری ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں گھر گھر فیور سروے اور کورونا کی طرح علامتوں والے مریضوں کا سرکاری دواخانوں میں آوٹ پیشنٹس کی حیثیت سے علاج کرنا ، کورونا کے نئے ویرینٹ ’اومی کرون ‘ کو قابو کرنے میں مددگار ثابت ہوا ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ریاست بھر میں کئے گئے گھر گھر فیور سروے کے تحت تقریباً ایک کروڑ گھروں کا احاطہ کیا گیا ۔ کورونا کے پھیلاؤ کو مزید روکنے کیلئے ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے دوسری مرتبہ گھر گھر فیور سروے اور آوٹ پیشنٹس کے علاج کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے اتوار کو ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس پی ایچ سی ڈاکٹرس کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کورونا کے مثبت مریضوں کی تعداد زیادہ ہے اُن اضلاع میں گھر گھر سروے تیزی کے ساتھ کئے جائیں ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال میں انہوں نے کورونا ویکسن مہم کی عمل آوری میں بھی تیزی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے ہفتوں میں اہل افراد میں ویکسین کے صد فی صد نشانہ کو حاصل کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا کی دوسری اور تیسری لہر کے دوران فیور سروے اور خصوصی آوٹ پیشنٹس کے علاج پر عمل آوری کا نظریہ چیف منسٹر نے پیش کیا تھا ۔