فیوچر سٹی میں 3000 ڈرونس کے ذریعہ حیرت انگیز شو کی تیاریاں

   

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ پر تلنگانہ کی نظریں، فضاء میں ہزاروں ایل ای ڈیز کے ذریعہ ترقیاتی منصوبہ کی تشہیر
حیدرآباد۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) بھارت فیوچر سٹی میں گلوبل سمٹ کے دوران تلنگانہ حکومت نے9 ڈسمبر کو عظیم الشان ڈرون شو کے ذریعہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شمولیت کا منصوبہ بنایا ہے۔ 2 روزہ سمٹ میں قومی اور بین الاقوامی مندوبین کی شرکت کے موقع پر حکومت نے 9 ڈسمبر کو 3000 ڈرونس کے ریعہ محیر العقول شو کے اہتمام کی تیاری کرلی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ڈرون شو کے ذریعہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ترقیاتی منصوبہ کی جھلک پیش کی جائے گی۔ تلنگانہ میں مستقبل کے ترقیاتی منصوبہ کا شو کے ذریعہ احاطہ کیا جائے گا۔ ہوا میں اڑنے والے ڈرونس کے ساتھ ایل ای ڈی سی مربوط اسکرین پر تحریر شامل کی جائے گی کہ تلنگانہ ترقی کررہا ہے آپ بھی اس میں شامل ہو جایئے۔ ڈرون ٹیکنالوجی کے ماہرین کی اس شو کے سلسلہ میں خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ سابق میں 2131 ڈرونس کے استعمال کے ذریعہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شمولیت اختیار کی گئی تھی اور تلنگانہ حکومت 3000 ڈرونس کے ذریعہ اس ریکارڈ کو توڑنا چاہتی ہے۔ ابوظہبی میں سال نو 2025 کے موقع پر 2131 ڈرونس کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا گیا تھا۔ تلنگانہ حکومت اس ریکارڈ کو توڑتے ہوئے اپنا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرانا چاہتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایل ای ڈی سے مربوط 3000 ڈرونس کا بھارت فیوچر سٹی کی فضاء میں شاندار مظاہرہ ریاست میں ٹیکنالوجی کی ترقی کو ثابت کرے گا۔ ڈرون شو کے ذریعہ ریاست کو 3 معاشی زونس میں تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی کا خلاصہ کیا جائے گا۔ حیدرآباد کے ترقیاتی پراجکٹس خاص طور پر حیدرآباد میٹرو ریل توسیعی منصوبہ کو ڈرون شو میں شامل کیا گیا ہے۔ خواتین کو معاشی طور پر خود مکتفی بنانے اور نوجوانوں کو اسکل ڈیولپمنٹ کی تفصیلات شو کا حصہ رہیں گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو شو کے بارے میں تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے ماہرین نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ کا ڈرون شو دنیا میں اپنی نوعیت کا منفرد شو ثابت ہوگا۔ 1