فیوچر سٹی کی تیزی سے ترقی کے لیے حکومت کے اقدامات

   

نئے شہر تک بآسانی رسائی تک روڈ او رریل نٹ ورک کو موثر بنانے پر زور
حیدرآباد۔ 8۔جنوری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ریاست کی ترقی کے سلسلہ میں جاری اقدامات میں ’فیوچر سٹی ‘کی ترقی اور اس نئے شہر تک رسائی کے لئے ریاستی حکومت نے ریجنل رنگ روڈ اور ریجنل رنگ ریل کی ترقی کی کوششوں کا آغاز کیا ہے ۔ رئیل اسٹیٹ شعبہ کی ترقی اور تلنگانہ بالخصوص دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد کے اطراف کے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کے لئے تیار کئے جانے والے منصوبوں کے سلسلہ میں کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت نے محکمہ مال ‘ محکمہ بلدی نظم و نسق ‘ محکمہ فینانس کے عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ گذشتہ ایک برس کے دوران ریاست کی ترقی کی رفتار میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کے اقدامات کریں تاکہ تلنگانہ کی ترقی کے سلسلہ میں تیار کردہ منصوبوں پر عملی جامہ پہنایا جاسکے ۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کے ذمہ داروں نے دونوں شہروں کے نواحی علاقوں میں نئے رئیل اسٹیٹ وینچرس کے فروغ کے لئے متعدد اقدامات کی منصوبہ بندی کا آغاز کیا ہے تاکہ شہر کی توسیع کے عمل میں تیزی لائی جاسکے۔ شہر ی حدود میں پائی جانے والی ٹریفک اور اس کے مسائل سے نمٹنے کے لئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں کہا جار ہاہے کہ عوامی نظام حمل و نقل کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت کی جانب سے شہر کی توسیع کے ذریعہ سہولتوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے 370 کیلو میٹر پر محیط رینجل رنگ روڈ کے طرز پر ریجنر رنگ ریل کے سلسلہ میں چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی کی وزیر اعظم نریندر مودی کو توجہ دہانی کے بعد کہا جا رہاہے کہ چیف منسٹر نے ریجنل رنگ ریل کا منصوبہ تیار رکھا ہے اور جلد ہی اس منصوبہ کے متعلق تفصیلی پراجکٹ رپورٹ کی تیاری عمل میں لاتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر اے ریونت ریڈی مرکزی حکومت کو اس پراجکٹ کی منظوری کے لئے روانہ کرنے کا ارادہ کئے ہوئے ہیں۔حکومت تلنگانہ نے تلنگانہ میں ڈرائی پورٹ ‘ ریجنل رنگ روڈ کے علاوہ ریجنل رنگ ریل کے ساتھ مختلف شعبہ جات اور صنعتی اداروں کے علحدہ کلسٹر کے قیام کا جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے ذریعہ ریاست کی جامع ترقی کو یقینی بنایا جائے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل پراجکٹ کے توسیعی منصوبہ کو مرکزی حکومت کوروانہ کردیا ہے اور اس پراجکٹ کو شہر کے نواحی علاقوں تک اور شمس آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ تک توسیع دینے کا منصوبہ تیار کیا ہے اور حکومت کی جانب سے روانہ کئے جانے والے منصوبہ کے مطابق گنجان آبادیوں سے میٹرو ریل کا ڈیزائن تیار کیاگیا ہے۔ حکومت تلنگانہ نے ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے فیوچر سٹی میں قیام کے سلسلہ میں اقدامات کے آغاز کے ذریعہ ’فیوچر سٹی‘ میں حکومت کی جانب سے آرٹیفیشل انٹلیجنس پر محیط پارک کے قیام کے متعلق اپنی سنجیدگی کا اظہار کیا ہے جس کے بعد فیوچرسٹی یا فورتھ سٹی جو قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اس میں سرمایہ کاری کے لئے سرکردہ انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے دلچسپی دکھا جانے لگی ہے۔ حکومت تلنگانہ جو کہ معاشی بدحالی کا شکار ہے اس کے باوجود عزم و حوصلہ کے ساتھ ریاست کی ترقی اور مرکز سے درکار فنڈس کے حصول کے لئے کوشش کر رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ مرکزی حکومت کی مختلف وزارتوں کی جانب سے تلنگانہ کو اداشدنی بجٹ کی اجرائی کا بھی سنجیدگی سے جائزہ لیا جا رہاہے کیونکہ ریاستی حکومت کی جانب سے مسلسل مرکزی حکومت کے متعلق اس بات کی شکایات کی جا رہی ہیں کہ مرکزی حکومت ریاست کو درکار حصہ کی اجرائی میں سوتیلا سلوک اختیار کئے ہوئے ہے۔بتایاجاتا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے خصوصی فنڈس اور اداشدنی رقومات کی اجرائی کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے فیوچر سٹی کی تیز رفتار ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے۔3