فیوچر سٹی کے تحت شہری انفرااسٹرکچر اور صنعتی توسیع کیلئے ماسٹر پلان کی تیاری

   

ایئرپورٹ کے قریب 14000 ایکر اراضی کا فارماسٹی کیلئے حصول، میٹرو ریل کی توسیع اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کو رعایتوں کا فیصلہ
حیدرآباد۔ 15 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے شہر کے مضافات میں فیوچر سٹی پراجکٹ پر توجہ مرکوز کی ہے تاکہ حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں کو دیرپا شہری اور صنعتی ترقی کے مرکز میں تبدیل کیا جاسکے۔ فیوچر سٹی ڈیولپمنٹ کے لئے دو علیحدہ ماسٹر پلان تیار کئے گئے ہیں۔ صنعتی ترقی اور شہری انفراسٹرکچر پر دو علیحدہ ماسٹر پلان تیار کئے گئے جن کی تکمیل کے لئے سینئر عہدیداروں کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی فیوچر سٹی کے ذریعہ حیدرآباد میں ملک کی پہلی نیٹ زیرو کاربن سٹی اور گرین فیلڈ اسمارٹ سٹی کے قیام کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ فیوچر سٹی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے قیام کو تلنگانہ کابینہ میں 7 مارچ کو منظوری دی گئی اور 12 مارچ کو اتھاریٹی کی تشکیل کے احکامات جاری کئے گئے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اہم سرکاری محکمہ جات کے 11 سینئر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں فیوچر سٹی پراجکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ آئی اے ایس عہدیدار کے شیشانگ کو فیوچر سٹی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا پہلا کمشنر مقرر کیا گیا۔ 2013 آئی اے ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے کے شیشانگ نے اراضی کے حصول اور دیگر سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے۔ شیشانگ کے مطابق تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفرااسٹرکچر کارپوریشن میں فارماسٹی کے لئے 14,000 ایکر اراضی حاصل کی ہے جہاں آلودگی سے پاک صنعتی ادارے قائم کئے جائیں گے۔ فیوچر سٹی کے قیام سے اطراف کے مواضعات کی ہمہ جہتی ترقی ہوگی ۔ سری سیلم ہائی وے اور شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے قریبی علاقہ کا فیوچر سٹی کے لئے تعین کیا گیا۔ آمنگل، ابراہیم پٹنم، کڑتال، کندوکور، مہیشورم، یاچارم اور منچالا منڈلوں کے 56 ریونیو ولیجس کی اراضی حاصل کی جارہی ہے۔ عہدیداروں کے مطابق حکومت نے میٹرو ریل کو فیوچر سٹی تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے مالیاتی سال 2025-26 بجٹ میں 100 کروڑ روپے مختص کئے ہیں اور مزید 500 کروڑ جلد منظور کئے جائیں گے۔ فیوچر سٹی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو فیوچر سٹی کے حدود میں لے آؤٹ منظوری صنعتوں کے لئے اراضی الاٹمنٹ، آئی ٹی پارکس اور ہیلت کیئر پراجکٹس کے قیام کے لئے مکمل اختیارات حاصل ہوں گے۔ میٹرو ریل اور ریڈیل روڈس کے ذریعہ علاقہ کی ترقی اور ملٹی ماڈل کنکٹیویٹی کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ فیوچر سٹی کے تحت ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی اور آرٹیفیشل انٹرٹلی جنس سٹی کے قیام کا منصوبہ ہے۔ اتھاریٹی کی جانب سے ملٹی نیشنل کمپنی کو مختلف ترغیبات دی جائیں گی تاکہ سرمایہ کاری کو یقینی بنایا جاسکے۔ کئی شہری اور دیہی مجالس مقامی کو اتھاریٹی کے تحت ضم کیا جائے گا۔ 1