لندن ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) راجر فیڈرر ومبلڈن میں 100 ویں کامیابی سے ایک قدم دور ہیں جیسا کہ انہوں نے 17 ویں مرتبہ کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان کا مقابلہ جاپان کے کھلاڑی کائی نشی کوری سے ہوگا۔ 8 مرتبہ کے ومبلڈن چمپئن فیڈرر کے ہمراہ کوارٹر فائنل میں عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ اور درجہ بندی میں دوسرے مقام پر فائز رافل نڈال بھی پہنچ چکے ہیں۔ تینوں کھلاڑیوں کے درمیان ومبلڈن کے 14 خطابات تقسیم ہوئے ہیں جبکہ یہ تینوں ٹورنمنٹ میں شاندار مظاہرہ کررہے ہیں جس کا اندازہ ان اعداد و شمار سے ہوتا ہیکہ تینوں کے درمیان صرف 9 گیمس ہی گنوائے گئے ہیں۔ فیڈرر نے خود سے 15 سال چھوٹے اطالوی کھلاڑی ماٹیو بیراتانی کو صرف 74 منٹوں میں 6-1,6-2,6-2 سے شکست دیتے ہوئے گرانڈ سلام کے 55 ویں کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ 37 سالہ فیڈرر کے یہاں یہ 99 ویں کامیابی رہی۔ کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرنے والے وہ معمر ترین کھلاڑی بن چکے ہیں جیسا کہ 1991ء کے یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں جب جمی کانرس نے رسائی حاصل کی تھی تو اس وقت ان کی عمر 39 برس کی تھی۔ علاوہ ازیں دفاعی چمپئن نواک جوکووچ نے اپنے پری کوارٹر فائنل مقابلہ میں فرانسیسی کھلاڑی لی یوگو ہمبرڈ کے خلاف 6-3,-6-2,6-3 کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 11 ویں مرتبہ ومبلڈن کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی اور گرانڈ سلام میں مجموعی طور پر 45 ویں کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ دریں اثناء دو مرتبہ کے چمپئن رافل نڈال نے پرتگال کے جوواو سوسا کو راست سیٹوں میں 6-2,6-2,6-2 سے شکست دیتے ہوئے ساتویں مرتبہ ومبلڈن کے کوارٹر فائنل اور مجموعی طور پر 45 ویں گرانڈ سلام کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ فیڈرر اور نڈال کی پیشقدمی جاری رہنے سے یہ امکانات روشن ہوچکے ہیں کہ سیمی فائنل میں دونوں کا مقابلہ ہوگا جبکہ فائنل میں ممکنہ فیڈرر بمقابلہ جوکووچ ہوسکتا ہے۔