سڈنی ۔ 14 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نواک جوکو وچ ، رافل نڈال اور راجر فیڈرر ان عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے آئندہ برس جنوری میں آسٹریلیا میں منعقد شدنی نئے اے ٹی پی کپ میں شرکت کی توثیق کردی ہے ۔ اے ٹی پی کے نئے کپ کے منتظمین نے کہا ہے کہ مذکورہ تین اسٹار کھلاڑیوں کے علاوہ اینڈی مرے نے بھی ٹورنمنٹ میں شرکت کی توثیق کردی ہے ، جیسا کہ برطانوی کھلاڑیوں کو شرکت کے لئے دو مقامات فراہم کئے گئے ہیں ۔ مذکورہ ٹورنمنٹ میں عالمی درجہ بندی کے سرفہرست 30 کھلاڑیوں میں شامل 27 کھلاڑیوں نے اپنی شرکت کی توثیق کردی ہے ۔ اے ٹی پی کے صدر کرس کرموڈ نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ اسٹار کھلاڑیوں نے اس ٹورنمنٹ کو کامیابی بنانے کیلئے اپنی دستیابی کی توثیق کردی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ٹینس کیلنڈر ایر میں اس ٹورنمنٹ کو کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے اور کھلاڑیوں کے پروگرام کو طئے کرنے میں آسانی ہوگی ۔ اب جیسا کہ سرفہرست کھلاڑیوں نے اپنی دستیابی کی توثیق کردی ہے ، لہذا 2020 ء اے ٹی پی سیزن کا ایک اہم سال ہوگا چونکہ سیزن کے آغاز پر ہی ایک بڑا ٹورنمنٹ کھیلا جائے گا۔ یہ اختراعی چمپین شپ 3 تا 12 جنوری منعقد ہوگی جو کہ آسٹریلین اوپن سے قبل کھیلی جائے گی ۔ اس ٹورنمنٹ میں انعامی رقم 15 بلین ڈالرس ہوں گے ۔ علاوہ ازیں اس میں زیادہ سے زیادہ سنگلز زمرہ میں 750 اور ڈبل زمرہ میں 250 اے ٹی پی عالمی درجہ بندی کے نشانات فراہم کئے جائیں گے۔ اس ٹورنمنٹ میں شرکت کرنے والے ممالک کو 6 گروپس میں منقسم کیا جائے گا اور راؤنڈ رابن مرحلہ سے 8 ٹیمیں سامنے آئیں گی ۔ سڈنی فائنل کے علاوہ برسبین اور پرتھ کے ساتھ گروپ مرحلہ کے مقابلوں کی میزبانی کریں گے ۔ اے ٹی پی کپ میں سرفہرست 18 ممالک شرکت کریں گے جن میں امریکہ ، فرانس ، اسپین ، جاپان ، جرمنی اور جنوبی افریقہ شامل ہیں جبکہ آسٹریلیائی ٹیم کو بحیثیت میزبان ہونے کی وجہ سے راست شرکتکرے گی ۔