فیڈرر،نڈال کی اے ٹی پی اور ڈبلیوٹی اے کے انضمام کی تجویز

   

لندن، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ڈبلیوٹی اے کی بانی بلی جین کنگ اور ٹینس کے آئکن کھلاڑیوں راجر فیڈرر اور رافیل نڈال نے مرد ٹینس ادارے اے ٹی پی اور خاتون ٹینس ادارے ڈبلیوٹي اے کے انظمام کی تجویز پیش کی ہے ۔ریکارڈ 20 بار کے گرینڈ سلیم فاتح سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بدھ کو سب سے پہلے یہ پیشکش کی۔ فیڈرر نے کہا کہ کیا میں پہلا شخص ہوں جو مرد اور خاتون ٹینس کو ضم کرنے اور ایک ساتھ ہونے کی تجویز دے رہا ہے ۔یہ تجویز ایک ایسے وقت آئی ہے جب عالمی وبا کی شکل اختیار کرنے والے کورونا وائرس کووڈ -19 کی وجہ سے دنیا بھر میں ٹینس سمیت تمام کھیل سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہوئی ہیں۔فیڈرر نے کہا کہ میں کورٹ پر مقابلہ کے انظمام کے بارے میں بات نہیں کر رہا ہوں بلکہ میں دو اداروں (اے ٹی پی اور ڈبلیوٹي اے ) کے انظمام کے بارے میں بات کر رہا ہوں جو مرد اور خاتون پروفیشنل ٹور کا مل کر انتظام و انصرام کر سکیں۔آئکن خاتون کھلاڑی کنگ نے فیڈرر کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ میں اس تجویز سے متفق ہوں اور میں اس بات کو 1970 کے شروع سے کہہ رہی ہوں۔ خواتین اور مرد ٹینس کے لئے ایک آواز، ٹینس میں میرا مقصد رہا ہے ۔ مجھے خوشی ہے کہ ہم ایک بات اٹھا رہے ہیں اور ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ مستقبل میں یہ ممکن ہو سکے ۔اسپین کے نڈال نے کورٹ پر اپنے حریف فیڈرر کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے مکمل طور پر اتفاق کرتا ہوں۔جیسے ہی ہم اس عالمی بحران سے باہر نکلتے ہیں تو ہم دیکھنا چاہیں گے کہ مرد اور خاتون ٹینس کی یونین ایک تنظیم کے طور پر کام کریں۔
فیڈرر اور نڈال کا خیال ہے کہ ٹینس اپنے انظمام سے کورونا لاک ڈاؤن پر مضبوط ہوکر نکلے گا۔ ٹینس اس وقت مکمل طور بند ہے ، ومبلڈن کو دوسری عالمی جنگ کے بعد سے پہلی بار منسوخ کیا گیا ہے جبکہ فرانسیسی اوپن کو ستمبر کے آخر تک ملتوی کر دیا گیا ہے ۔