لندن : آٹھ مرتبہ کے ومبلڈن چمپئن راجر فیڈرر کے لئے رواں سیزن کھیلے جانے والے ومبلڈن میں اپنے نویں خطاب کی راہ آسان نہیں ہوگی کیوں کہ فائنل میں عالمی نمبر ایک اور 2019 کے فائنل میں انھیں شکست دینے والے نواک جوکووچ کے خلاف ممکنہ فائنل میں رسائی سے قبل انھیں عالمی نمبر 2 روس کے ڈینیل میڈیویڈو اور جرمنی کے الیگزینڈر زیروف کے چیلنج کو عبور کرنا ہوگا۔ فیڈرر جوکہ گھٹنے کے 2 آپریشن اور 20 ماہ ٹینس سے دور رہنے کے بعد مسابقتی مقابلوں میں واپسی کی ہے۔ فرنچ اوپن میں شاندار مظاہروں کے بعد گراس کورٹ پر کھیلے گئے ومبلڈن وارم اپ ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میں حیران کن شکست کے باوجود فیڈرر ومبلڈن کے لئے پُرعزم ہیں۔ ومبلڈن میں فیڈرر کی فتوحات کا ریکارڈ 101-13 ہے جبکہ 1999 میں ومبلڈن میں پہلی مرتبہ کھیلنے والے فیڈرر تاحال 8 خطابات کا یہاں ریکارڈ رکھتے ہیں اور وہ پیر کو شروع ہونے والے ومبلڈن 2021 میں پہلے راؤنڈ کا مقابلہ عالمی درجہ بندی میں 42 ویں مقام پر موجود ایڈرین منارینو سے کریں گے جس کے بعد وہ اگلے مرحلہ میں کوئنس کلب چمپئن شپ کے رنراپ انگلینڈ کے کیمرون نوری کا تیسرے راؤنڈ میں سامنا کریں گے۔ فیڈرر اُمید کررہے ہیں کہ گزشتہ ہفتے جرمنی میں منعقدہ ہال ٹورنمنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں ہونے والی حیران کن شکست کو پس پشت ڈالتے ہوئے وہ ومبلڈن کا شاندار آغاز کریں گے۔ کوارٹر فائنل میں اِن کا مقابلہ میڈیویڈو سے ہوگا جنھوں نے اِس ہفتے مالورکا چمپئن شپ جیتا ہے۔