سنسناتی۔14اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) راجر فیڈرر اور نواک جوکووچ نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ڈبلیو ٹی اے ۔ اے ٹی پی سنسناتی اوپن کے اگلے مرحلہ میں رسائی حاصل کرلی ہے جبکہ سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمس پیٹھ کی تکلیف کے باعث ٹورنمنٹ سے دستبرداری اختیار کی ہے ۔ گذشتہ اتوار ٹورنٹو میں کھیلے گئے فائنل میں سرینا کو پیٹھ کی تکلیف ہوئی تھی اور وہ اُس مقابلہ میں بھی معیاری مظاہرہ کرنے کے بجائے سبکدوشی اختیار کی تھی ۔ انہیں اُمید تھی کہ چند دنوں کے آرام کے بعد ان کی پیٹھ کی تکلیف دور ہوجائے گی لیکن ٹورنمنٹ کے آغاز پر بھی ان کی پیٹھ کی تکلیف دور نہیں ہوئی ہے لہذا 23 مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپئن نے مقابلہ سے دستبرداری اہمیت دی ہے تاکہ 26 اگست کو شروع ہونے والے سیزن کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن میں تازہ دم ہوکر شرکت کی جاسکے ۔ مرد زمرہ میں فیڈرر اور جوکووچ توجہ کے مرکز رہے کیونکہ دونوں نے ومبلڈن فائنل کے بعد میدان پر واپسی کی ہے اور ان کی نظریں یو ایس اوپن سے قبل ردھم حاصل کرنے پرمرکوز ہیں ۔ فیڈرر جنہیں ٹورنمنٹ میں تیسرا مقام حاصل ہے انہوں نے بارش سے متاثرہ مقابلہ میں ارجنٹینا کے یانگ اگناشیولینڈر کو 6-3 , 6-4سے شکست دی ۔ دوسرے سیٹ میں جس وقت فیڈرر 2-2کے اسکور پر تھے اس وقت بارش ہوئی اور ایک گھنٹے کا کھیل متاثر ہوا ۔ تیسرے راؤنڈ میں رسائی اور حریف کھلاڑی کے خلاف ساتویں کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ یہاں بارش سے متاثرہ مقابلہ میں بھی کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ علاوہ ازیں میدان پر واپسی پر بھی میں مطمئن ہوں ، کیونکہ ہارڈکورٹ سیزن کیلئے یہ بہتر آغاز ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے حریف کے متعلق زیادہ کچھ نہیں جانتے لیکن مقابلہ کے نتیجہ پر انہیں اطمینان ہے ۔ دوسری جانب دفاعی چمپئن جوکووچ کو مقابلہ کے آغاز پر اپنے معیاری کھیل کو پانے میں دشواری ہوئی لیکن اس کے باوجود انہوں نے مقامی کھلاڑی سیم کیوری کے خلاف 7-5 , 6-1 کی کامیابی حاصل کی ۔ پہلے سیٹ میں انہیں تین مرتبہ اپنی سرویس گنوانے کے علاوہ تین مرتبہ دوہری غلطی بھی کرنی پڑی ۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے جوکووچ نے کہاکہ مقابلہ جس نتیجہ کے ساتھ ختم ہوا وہ اطمینان بخش ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیم اس میدان پر خود کو آرام دہ محسوس کرتے ہیں اور ان کی تیز ترین سرویس کے خلاف بہتر مظاہرہ کرنا آسان نہیں ہوتا لیکن اس مقابلہ کے اطمینان بخش نتیجہ کے بعد آئندہ مقابلہ میں بہتر مظاہرہ کیلئے پُرعزم ہوں ۔ ولیمس جنہیں پہلے مرحلے کے مقابلہ میں کوالیفائر کھلاڑی زرینہ لیاس سے مقابلہ کرنا تھا ۔ اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے سرینا نے کہا کہ میں اتوار کو یہاں پہنچی ہوں اور مقابلہ میں شرکت کیلئے میں نے اپنی طرف سے ہر ممکنہ کوشش کی لیکن میری پیٹھ کی تکلیف مکمل ختم نہیں ہوئی ہے ۔ اُمید کرتی ہوں کہ عنقریب میں ایکشن میں نظر آؤں گی ۔ 37سالہ امریکی کھلاڑی سرینا کیلئے یہ ایک اور زخموں سے پریشانی ہے کیونکہ سیزن کے ابتداء میں انہیں گھٹنے کی تکلیف سے پریشان ہونا پڑا تھا اور وہ 2017آسٹریلین اوپن کے بعد اپنے پہلے خطاب کے تعاقب میں ہیں ۔ مرد زمرہ کے دیگر مقابلوں میں سوئٹزرلینڈ کے ایک اور ٹینس اسٹار اسٹینلیس وورنکا نے اپنے پہلے مرحلے کے مقابلہ میں 2017ء کے چمپئن گریجار جمیترو کے خلاف سخت جدوجہد کے بعد 5-7, 6-4 , 7-6(7-4) کی کامیابی حاصل کی ۔ دوسری جانب 39سالہ وینس ولیمس نے اپنے خاندان کی امیدوں کو برقرار رکھتے ہوئے دفاعی چمپئن کی کی برٹینس کو تین سیٹوں پر مشتمل مقابلہ میں 6-3, 3-6, 7-6(7-4)کی شکست دی ۔ شکست کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے برٹینس نے کہا کہ مقابلہ سے قبل میں بہتر محسوس کررہی تھی اور جیسے ہی میدان میں داخل ہوئی میں نے خود سے کہا کہ پہلا گیم اہم ہوگا لیکن میں مقابلہ کا جس طرح آغاز کرنا چاہتی تھی وہ آغاز مجھے نہیں ملا ۔