ہال(جرمنی) ۔21جون ( سیاست ڈاٹ کام ) راجرفیڈرر نے اعتراف کیا ہے کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کیونکہ ان کے پسندیدہ گرانڈ سلام ومبلڈن سے قبل وہ ایک حیران کن شکست سے محفوظ رہے کیونکہ شکست کی صورت میں ان کی ومبلڈن کی تیاریوں کو شدید جھٹکہ لگتا ۔ فیڈرر نے یہاں کھیلے گئے مقابلہ میںفرانسیسی ٹینس اسٹار جوویلفریڈ سونگا کے خلاف 7-6 (7-5) ، 4-6 ، 7-5کی کامیابی حاصل کی ۔ 37سالہ فیڈرر کوارٹر فائنل میں رسائی کیلئے آسانی سے پیشقدمی کررہے تھے لیکن انہیں سونگا کے خلاف دوسرے سیٹ میں سخت جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا ۔ تمام کوشش کے باوجود فیڈرر دوسرا سیٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے حالانکہ انہیں پہلے سیٹ میں بھی کافی جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں بھی فیڈرر بہ آسانی کامیابی حاصل نہیں کرپائے ۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ خاص کر تیسرا سیٹ کافی مسابقتی رہا جہاں مجھے کامیابی کیلئے سخت لڑائی کا سامنا رہا ۔