کیپ ٹاؤن۔ 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی آفریقی شہر کیپ ٹاؤن میں سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر اور ان کے کٹر حریف رافل نڈال کے درمیان ایک نمائشی مقابلے ہوا جس میں 51,954 افراد نے شرکت کی اور اس طرح یہ مقابلہ گزشتہ نومبر میکسیکو سٹی میں فیڈرر اور جرمنی کے ابھرتے ٹینس اسٹار الیگزینڈر زورف کے درمیان کھیلے گئے مقابلے میں شائقین کی تعداد کے ریکارڈ کو توڑا ہے کیونکہ اس مقابلے میں 42,517 شائقین نے شرکت کی تھی۔ فیڈرر اور نڈال کے درمیان کھیلے گئے اس مقابلے کے ذریعہ 3.5 امریکی ڈالرس کا فنڈ بھی حاصل کیا گیا اور یہ فنڈ راجر فیڈرر فاؤنڈیشن کو دیا گیا ہے۔ چونکہ یہ فاونڈیشن آفریقہ میں بچوں کی تعلیم کے اخراجات برداشت کرتا ہے۔ اس مقابلے میں فیڈرر نے نڈال کو 6-4، 3-6، 6-3 سے شکست دی۔ کیپ ٹاؤن اسٹیڈیم 2010ء فٹبال ورلڈ کپ کیلئے تعمیر کیا گیا تھا۔ فیڈرر اور نڈال کے اس مقابلے کیلئے میدان میں شائقین کی اتنی کثیر تعداد تھی جیسا کہ کوئی گرانڈ سلام کا فائنل کھیلا جارہا ہو۔ اس مقابلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ 50 ہزار سے زائد شائقین کے روبرو ٹینس مقابلہ کھیلنا میں نے کبھی سوچا نہیں تھا۔ یہ ایک شاندار تجربہ ہے۔ نڈال نے اس میدان اور شائقین کو ناقابل یقین قرار دیا ہے۔