لندن ۔15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نواک جوکووچ نے ومبلڈن مینز سنگلز کے فائنل میں سوئٹزرلینڈ کے عظیم کھلاڑی راجر فیڈرر کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست دے کر کرکے پانچویں مرتبہ چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔لندن میں کھیلا گیا فائنل 4 گھنٹے اور 57 منٹ تک جاری رہا تاہم جوکووچ اپنے 37 سالہ حریف فیڈرر کو تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹائی بریک میں 6-7، 6-1، 6-7، 6-4 اور 12- 13 سے شکست دینے میں کامیاب ہوئے۔ خیال رہے کہ ومبلڈن فائنل تاریخ کا طویل ترین فائنل میچ بھی بن گیا جس میں نہ صرف تکنیک بلکہ دونوں اسٹارز کے اعصاب کا بھی مقابلہ تھا۔ سربیائی اسٹار نے مسلسل دوسری مرتبہ ومبلڈن چمپیئن بننے کے بعد کہا کہ 8 مرتبہ کے ومبلڈن چمپیئن کے خلاف صرف 2 پوائنٹس کو بچاتے ہوئے پانچویں مرتبہ ومبلڈن ٹرافی تھامنا غیر حقیقی لگ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کچھ مختلف تھا کہ دو میچ پوائنٹ پر میچ میں واپس آئیں اور 12-12 پر ٹائی بریک کھیلنا بالکل مختلف تھا تاہم مجھے امید تھی کہ میں ٹائی بریک میں اچھا کھیلوں گا۔ جوکووچ نے راجر فیڈرر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں اگر پرجوش فائنل نہیں تھا تو عظیم کھلاڑی راجر فیڈرر کے خلاف میرے کیریئر کے سرفہرست 2 یا تین بہترین میچوں میں سے ایک تھا۔خیال رہے کہ راجر فیڈرر نے سیمی فائنل میں اسپین کے اسٹار رافیل نڈال کو بھی سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ خواتین کے سنگلز فائنل میں امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کو رومانیہ کی سیمونا ہیلپ نے حیران کن شکست دے دی تھی جبکہ سرینا کو راست سٹوں میں شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔