حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری (سیاست نیوز) سینئر کانگریسی قائد وی ہنمنت راؤ نے فیڈرل فرنٹ کو این ڈی اے کی بی ٹیم قرار دیا اور ممتا بنرجی کے خلاف مرکز کی کارروائی پر کے سی آر کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں اپوزیشن اتحاد کی مساعی کرنے پر مرکز نے ممتا بنرجی حکومت کو نشانہ بنایا ہے ۔ تحقیقاتی ایجنسیوں کو اپنے مخالفین کے خلاف استعمال کرنے کا رجحان افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی نے سی بی آئی کی کارروائیوں کو روکنے کیلئے جو قدم اٹھایا ہے وہ قابل ستائش ہے ۔ کوئی بھی حکومت اس طرح کی کارروائی کو برداشت نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں قدم جمانے کیلئے بی جے پی اس طرح کے حربے استعمال کر رہی ہے ۔ ہنمنت راؤ نے سوال کیا کہ چیف منسٹر اور ریاست کے چیف سکریٹری کو اطلاع دیئے بغیر سی بی آئی کا ایک آئی پی ایس عہدیدار کو گرفتار کرنا افسوسناک ہے ۔ اس طرح کی کوششیں دراصل جمہوریت اور دستور کے مغائر ہے ۔ مودی اور امیت شاہ چاہتے ہیں کہ عوام کی جانب سے منتخب ممتا بنرجی حکومت کو غیر مستحکم کیا جائے۔ ممتا بنرجی نے ایک مضبوط طاقت کی حیثیت سے ابھر کر دستور کا تحفظ کیا ہے۔ انہوں نے اس مسئلہ پر کے سی آر کی خاموشی پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ اہم مسائل پر کے سی آر کا رویہ بی جے پی کے حق میں ہے۔