فیڈرل فرنٹ کے منصوبہ میں ناکامی پر ریاستی سیاست پر توجہ

   

قومی مباحث میں اہم کردار ادا کرنے کے بجائے مرکزی حکومت میں کلیدی رول ادا کرنے ٹی آر ایس کی حکمت عملی

حیدرآباد۔25فروری(سیاست نیوز) فیڈرل فرنٹ کا منصوبہ ناکام ہوتا جا رہاہے اور صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی و چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ قومی سطح پر موافق اور مخالف بھارتیہ جنتا پارٹی کے نام پر ہونے والے اتحاد کی قوت کو محسوس کرتے ہوئے ریاستی سیاست پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے قریبی ذرائع کے مطابق قومی سطح پر ہونے والے اتحاد میں موافق اور مخالف بی جے پی قوتوں کے درمیان فیڈرل فرنٹ کی گنجائش ختم ہوچکی ہے اسی لئے تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے قومی سیاست میں اہم کردار ادا کرنے کی حکمت عملی کو تبدیل کرتے ہوئے مرکزی حکومت میں کلیدی کردار اداکرنے کی پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اسی لئے تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے قومی سیاسی جماعتوں یا دیگر ریاستوں کی علاقائی سیاسی جماعتوں سے رابطہ کے بجائے تلنگانہ میں موجود تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے پر غور کیا جا رہاہے تاکہ مرکز میں حکومت سازی کے دوران اہم و کلیدی کردار ادا کیا جا سکے۔ ریاست تلنگانہ میں انتخابات کے دوران زبردست کامیابی کے حصول کے بعد ریاست میں حکومت سازی کرتے ہوئے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے فرزند کو پارٹی امور کی نگرانی تفویض کی تھی جس کے بعد یہ قیاس آرئیاں کی جارہی تھیں کہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاستی سیاست کی باگ ڈور اپنے فرزند کے حوالہ کرتے ہوئے مرکزی سیاست پر توجہ دیں گے لیکن اب جو قریبی ذرائع ہیں ان کا کہناہے کہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے قومی سیاست کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر کی حیثیت سے اپنی دوسری معیاد کی بھی تکمیل کریں گے ۔ کے سی آر کے اس فیصلہ کے بعد مسٹر کے ٹی راما راؤ کو چیف منسٹر بناتے ہوئے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے قومی سیاست میں داخلہ کی تمام قیاس آرائیاں ختم ہوگئی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی امور میں کے سی آر پارٹی کو مزید مستحکم کرتے ہوئے 17 میں 16 نشستوں پر کامیابی کے حصول کے لئے حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہیں ۔