فیکٹری مہلوکین کے پسماندگان کو ایک کروڑ ایکس گریشیا

   

زخمیوں کو 10 لاکھ اور 5 لاکھ کی امداد کا اعلان‘فوری امداد ایک لاکھ اور 50 ہزار روپے کی ادائیگی
ذمہ دار خاطیوں کے خلاف کارروائی، علاج کا خرچ حکومت برداشت کریگی، چیف منسٹر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ یکم؍ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پاشا میلارم میں کمیکل فیکٹری بم دھماکہ کے مہلوکین کے پسماندگان کو فی کس ایک کروڑ روپے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ انہوں نے شدید زخمیوں کو 10 لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو 5 لاکھ روپے کے ایکس گریشیا کی ادائیگی کا تیقن دیا۔ چیف منسٹر نے متاثرین کی فوری امداد کے طور پر مہلوکین کے پسماندگان کو ایک لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر نے متاثرہ کمیکل فیکٹری کے معائنہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تصدیق کی کہ دھماکہ میں مہلوکین کی تعداد 36 ہوچکی ہے اور دھماکہ کے وقت 143 ملازمین موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بچاؤ اور امدادی کاموں میں 58 افراد کی شناخت کی گئی ہے اور لاپتہ افراد کا پتہ چلانے کے لئے امدادی کام تیزی جاری ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دھماکہ میں مستقل طور پر معذور ہونے والے افراد کو 10 لاکھ روپے ایکس گریشیا دیا جائے گا جبکہ دیگر زخمیوں کو جو علاج کے بعد دوبارہ رجوع بکار ہوسکتے ہیں انہیں 5 لاکھ روپے ایکس گریشیا دیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور تلگو ریاستوں میں پہلی مرتبہ اس قدر شدید دھماکہ ہوا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دھماکہ کے ذمہ داروں کی نشاندہی کی جائے گی اور ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے حکومت ایک شفاف پالیسی تیار کرے گی۔ حکومت نے آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے لئے عہدیداروں کو کمپنیوں کے متواتر دورہ اور معائنہ کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ہاسپٹل میں علاج کی نگرانی کریں اور حکومت کی جانب سے علاج کے اخراجات برداشت کرنے کا متاثرہ خاندانوں کو بھروسہ دلایا جائے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ متاثرین کے بچوں کو سرکاری اقامتی اسکولوں میں داخلہ دیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے پٹن چیرو میں واقع خانگی ہاسپٹل پہنچ کر شدید زخمیوں کی انٹنسیو کیئر یونٹ پہنچ کر عیادت کی اور ڈاکٹرس سے بات چیت کی۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دیگر زخمی تیزی سے روبہ صحت ہورہے ہیں۔ چیف منسٹر نے ڈاکٹر سے کہا کہ علاج میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔ 1