بھوپال: مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے پیرکو ریاستی حکومت کو یونین کاربائیڈ فیکٹری کے زہریلے فضلے کو حفاظتی ہدایات کے مطابق ٹھکانے لگانے کے لیے چھ ہفتے دیے اور سماعت کی اگلی تاریخ 18 فروری مقررکی ہے۔ ریاستی حکومت نے فضلے کی صورتحال، نقل و حمل اور احتجاج پر ایک تفصیلی رپورٹ داخل کی۔ درخواست گزار ایم جی ایم کالج اندورکے ڈاکٹروں کی نمائندگی کرتے ہوئے وکیل ابھیانو دھنوٹکر نے اعتراض کیا کہ پیتھم پور انڈسٹریل ایریا میں فضلہ جلانے کا منصوبہ مقامی باشندوں سے مشورہ کیے بغیر بنایا گیا۔ پیتھم پور جو ریاستی دارالحکومت سے 250 کلومیٹر دور ہے، میں فضلے کو جلانے کے منصوبے پر احتجاج اور دو خودسوزی کی کوششیں بھی ہوئیں۔