فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے تمام الزامات بے بنیاداورمن گھڑت

   

کمیٹی کے افرادعوامی سطح پرمعافی مانگیں۔ محمدآصف ودیگرکی نظام آبادپریس کلب میں کانفرنس
نظام آباد :5؍نومبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شیخ ریاض انکاؤنٹر پرفیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی جانب سے رقم کے تنازعہ فرضی انکاؤنٹر کی دلیل کا نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ محمد آصف نے بریس کلب میں منعقدہ اجلاس میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ ان الزامات کے بعد انہیں مشکوک نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے بموجب شہرِ نظام آباد میں چند عرصہ قبل پیش آئے ایک سنگین واقعہ نے پولیس اور عوام دونوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا، اس سلسلے میں آج محمد آصف ، محمد عمران، محمد اکبر، نوازالدین اور سابق ایم پی ٹی سی امشلا سوامی نے نظام آباد پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر آصف نے کہا کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی جانب سے ان پر عائد کردہ تمام الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی جرم یا مقدمے میں ملوث نہیں ہیں بلکہ پولیس کی مدد کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ آصف اور ان کے ساتھیوں نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے جھوٹے الزامات پر عوامی سطح پر معافی مانگے۔آصف نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف گمراہ کن بیانات اور الزامات سے ان کی ساکھ متاثر ہورہی ہے اور لوگ انہیں مشکوک نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔ اسی پس منظر میں انہوں نے آج میڈیا کے ذریعے حقیقت عوام کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا۔پریس کانفرنس میں سیاسی قائدین نے بھی محمد آصف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک فرض شناس شہری کو بدنام کرنا ناانصافی ہے اور سچائی کو سامنے لانا وقت کی ضرورت ہے۔