ف10 فیصد ای ڈبلیو ایس کوٹے پر گجرات میں عمل شروع

,

   

احمد آباد۔14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی زیر قیادت گجرات حکومت نے ریاستی حکومت کی نوکریوں اور تعلیمی اداروں میں جنرل کیٹگری (عام زمرہ) کے معاشی طور پر کمزور تر طبقات (EWS) کے لیے 10 فیصد ریزرویشن پر عمل آوری آج شروع کردی ہے۔ اس کے ساتھ گجرات ملک میں نئی دستوری گنجائش پر عمل آوری کے معاملہ میں اولین ریاست بن گئی ہے۔ 10 فیصد کوٹہ فراہم کرنے کے لیے دستوری ترمیم کو پارلیمنٹ میں گزشتہ ہفتے منظوری دی اور اسے شنبہ کو صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی منظوری بھی حاصل ہوگئی۔ چیف منسٹر وجئے روپانی نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ ان کی حکومت 14 جنوری سے ریزرویشن کی گنجائش پر عمل کرے گی۔ انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ یہ بیان کرتے ہوئے مسرت ہورہی ہے کہ حکومت گجرات نے 10 فیصد ای ٹبلیو ایس ریزرویشن کے فوائد پر 14 جنوری 2019ء سے عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس پر بھرتی کے سلسلہ میں جاری تمام کارروائیوں میں بھی عمل کیا جائے گا جہاں صرف اشتہار کی اشاعت ہوئی ہے لیکن امتحان کا پہلا مرحلہ ابھی منعقد کیا جانا ہے۔ ریاستی حکومت نے ایک بیان میں کہا تھا کہ عام زمرے کے معاشی طور پر کمزور تر طبقات اعلی تعلیم میں داخلوں اور سرکاری نوکریوں میں 10 فیصد ریزرویشن 14 جنوری ’اترائن‘ سے شروع کی جائے گی۔ نیا کوٹہ ایسے داخلوں اور نوکریوں کے لیے بھی قابل عمل رہے گا جن کے لیے اشتہار 14 جنوری سے قبل دیا گیا لیکن حقیقی عمل کی شروعات نہیں ہوئی ہے۔ ایسے معاملوں میں داخلے کے عمل یا نوکریوں کے تعلق سے تازہ اعلان کرنا پڑے گا۔ تاہم اگر داخلہ عمل یا بھرتی کے سلسلہ میں ٹسٹ یا انٹرویو 14 جنوری سے قبل شروع ہوگئے تو 10 فیصد کوٹے کا اطلاق نہیں ہوگا۔ اس اعلان کے فوری بعد صدرنشین گجرات پبلک سرویس کمیشن دنیش داسا نے کہا کہ وہ تمام ابتدائی امتحانات کو معطل کردیں گے۔