ف100 فیصد پینے کے پانی کے کنکشنس کیساتھ تلنگانہ ملک میں واحد بڑی ریاست

   

Ferty9 Clinic

ll یہ کارنامہ حاصل کرنے والی دوسری چھوٹی
ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں میں
گوا، پڈوچیری اور جزائرانڈومان و نکوبار شامل ہیں۔

حیدرآباد ۔ 31 جولائی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ ملک میں وہ واحد بڑی ریاست ہے جہاں ہر گھر میں نل کا پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ اس طرح یہ ریاست

بالخصوص دیہی علاقوں میں صدفیصد نل کے پانی کے کنکشن فراہم کرنے والی ریاست ہے۔ دوسری چھوٹی ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں میں جہاں یہ کارنامہ ہوا ہے ان میں گوا، پڈوچیری اور جزائر انڈومان اور نکوبار شامل ہیں جہاں جل جیون مشن کے تحت یہ کام ہوا ہے۔ مرکزی مملکتی وزیر جل شکتی، پرہلاد سنگھ پٹیل نے جمعرات کو لوک سبھا میں یہ بات بتائی۔ ریاست تلنگانہ میں اگست 2016ء میں ہر گھر کو پائپ کے ذریعہ پینے کے پانی سربراہ کرنے کے مقصد سے مشن بھگیرتا پروگرام شروع کیا گیا تھا۔ ریاستی جکومت کی اس پہل سے تحریک پاکر مرکز کی نریندر مودی حکومت نے اگست 2019ء میں جل جیون مشن کا آغاز کیا۔ اب تک ریاستی حکومت نے 45000 کروڑ روپئے کے مصارف سے دیہی علاقوں کے 54 لاکھ سے زائد گھروں کو نل کے پانی کے کنکشن فراہم کئے ہیں اور شہری علاقوں میں مزید 20 لاکھ گھروں کو نل کے ذریعہ پینے کا پانی فراہم کیا ہے۔ دوسری ریاستیں وہاں کی آبادی کے لئے پینے کے پانی کے کنکشن فراہم کرنے کیلئے بڑی حد تک مرکزی حکومت کے فنڈ پر انحصار کرتی ہیں جبکہ مشن بھگیرتا کیلئے درکار رقم کا بڑا حصہ ریاست تلنگانہ کے خزانہ سے فراہم کیا گیا۔ اب تک مرکز نے 2021-22 بجٹ سال تک صرف 2,324.42 کروڑ روپئے ہی منظور کئے ہیں جو جملہ مصارف کا تقریباً 6 فیصد ہے۔ نلگنڈہ کے رکن پارلیمنٹ این اتم کمار ریڈی کی جانب سے کئے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر پٹیل نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ریاستوں کے اشتراک سے اگست 2019ء میں جل جیون مشن کا آغاز کیا تاکہ 3.6 لاکھ کروڑ روپئے کے تخمینہ مصارف سے 2024ء تک دیہی علاقوں میں ہر گھر کو نل کے پانی کا کنکشن فراہم کیا جائے۔ مرکزی حکومت ریاستی حکومتوں کے ساتھ یہ کوشش کررہی ہیکہ مارچ 2022ء تک تقریباً 10.24 کروڑ دیہی گھروں کو پائپ کے ذریعہ پینے کے پانی کی سربراہی کی جائے۔