اپوزیشن جماعتیں بی آر ایس اور بی جے پی رکاوٹیں پیدا کررہی ہیں
حیدرآباد ۔ 14۔ جولائی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ و بی سی ویلفیر پونم پربھاکر نے کہا کہ کانگریس حکومت بی سی طبقات کو مقامی اداروں کے انتخابات میں 42 فیصد تحفظات فراہم کر رہی ہے۔ تاہم اپوزیشن جماعتیں بی سی طبقات کے لئے ایک طرف مگرمچھ کے آنسو بہا رہی ہے تو دوسری طرف تحفظات میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے بی آر ایس اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں آپس میں خفیہ ساز باز کرچکی ہیں اور دونوں جماعتوں کے قائدین ایک منظم سازش کے تحت بی سی تحفظات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں اور حکومت کی نیک نامی پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر لکشمن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر بی جے پی کو بی سی تحفظات سے ہمدردی ہے تو صدر جمہوریہ کے پاس زیر التواء بی سی بل کو منظور کرانے کیلئے بی جے پی کی قومی قیادت کو مجبور کریں اور ساتھ ہی پونم پربھاکر نے بی آر ایس اور بی جے پی کے بی سی قائدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی اپنی پارٹی قیادت پر دباؤ ڈالتے ہوئے بی سی تحفظات کو منظور کرانے کیلئے مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت کی جاری کردہ آرڈیننس کا صدر جمہوریہ کے پاس موجود بل سے کوئی تعلق نہیں۔ حکومت کسی بھی قانون پر عمل آوری کیلئے جب اسمبلی کارکرد نہیں ہوتی تب آرڈیننس جاری کرتی ہے۔ اس آرڈیننس سے صدر جمہوریہ کے پاس موجود بل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ اس بات کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ اپوزیشن جماعتوں کے گمراہ کن مہم کا شکار نہ بنیں۔2