قائدین میں اتحاد اور بہتر حکمت عملی سے لوک سبھا چنائو میں بہتر نتائج کی امید

,

   

پردیش الیکشن کمیٹی کا اجلاس، لوک سبھا امیدواروں کا انتخاب ہائی کمان کرے گا، چیف منسٹرریونت ریڈی کی وضاحت

حیدرآباد : 30 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کی لوک سبھا چنائو کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے آج گاندھی بھون میں پردیش الیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ کمیٹی کے صدرنشین و چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں لوک سبھا امیدواروں کے انتخاب اور انتخابی مہم پر ارکان سے رائے طلب کی گئی۔ اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ امور دیپاداس منشی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، اے آئی سی سی سکریٹریز روہت چودھری، منصور علی خان، وشنو ناتھ، ورکنگ پریسیڈینٹس مہیش کمار گوڑ، جگاریڈی، ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی، مدھو یاشکی گوڑ، وی ہنمنت رائو، ومشی چند ریڈی، ریاستی وزیر سرینواس ریڈی، ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سابق سی ایل پی لیڈر جاناریڈی، کنوینر پولیٹیکل افیرس کمیٹی محمد علی شبیر، ورکنگ پریسیڈینٹ محمد اظہرالدین، صدر مہیلا کانگریس سنیتا رائو، ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو، صدر یوتھ کانگریس شیواسینا ریڈی، صدر این ایس یو آئی بی وینکٹ، ریاستی وزیر سیتاکّا اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ اسمبلی چنائو کی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے لوک سبھا کے بہتر نتائج کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ پارلیمنٹ کے چنائو کے لیے مزید 60 دن باقی ہیں اور قائدین اور کارکنوں کو ابھی سے الیکشن کی تیاریوں میں جٹ جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر گھر تک راہول گاندھی کا پیام پہنچایا جائے کہ ملک میں نفرت کے خاتمہ اور تمام کو انصاف فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں حکومت کی 6 ضمانتوں پر عمل آوری کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہے۔ لہٰذا لوک سبھا چنائو میں بہتر نتائج کی امید کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 فروری کو اندراولی میں جلسہ عام کے ذریعہ عوام سے ربط پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ پارلیمنٹ حلقہ جات کے لیے پارٹی کے انچارج مقرر کئے گئے۔ انہوں نے ہر پارلیمانی حلقہ کی سطح پر اجلاس منعقد کرنے کی تجویز پیش کی۔ ریونت ریڈی نے واضح کردیا کہ لوک سبھا امیدواروں کا انتخاب کانگریس ہائی کمان کرے گا۔ کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ کے لیے مبصرین کا تقرر کیا ہے۔ ہریش چودھری کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ یہ کمیٹی امیدواروں کا انتخاب کرے گی۔ تلنگانہ کی انچارج دیپاداس منشی نے کہا کہ لوک سبھا چنائو میں قائدین کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ ریاست کی تمام 17 نشستوں پر کامیابی کی حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے۔ منشی نے کہا کہ ریاست میں صورتحال کانگریس کے حق میں ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ہائی کمان کی ہدایت پر قائدین کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تمام پارلیمانی حلقوں میں انچارجس کے علاوہ ارکان اسمبلی اور اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس کو متحرک ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں لوک سبھا کی زائد نشستوں پر کانگریس کامیاب ہوگی۔ اجلاس میں ارکان نے انتخابی مہم اور امیدواروں کے انتخاب کے مسئلہ پر تجاویز پیش کیں۔ 1