سرینگر 11 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) جموںو کشمیر نیشنل کانفرنس نے آج مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کے اعلی قائدین کو رہا کریں تاکہ یہاںسیاسی سرگرمیوں کو بحال کیا جاسکے ۔ میڈیا میں شائع کچھ خبروں کی تردید کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے کہا کہ مرکز کے ساتھ اس کے قائدین کو رہا کروانے کیلئے پارٹی کی کوئی مفاہمت نہیں ہوئی ہے ۔ ان رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے ایک بیان میں کہا کہ پارٹی کے سرپرست فاروق عبداللہ اور ان کے فرزند عمر عبداللہ اور دوسرے قائدین کبھی بھی کشمیر نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ مرکزی حکومت کے ساتھ کوئی مفاہمت اس سلسلہ میں نہیں ہوئی ہے اور نہ ایسی کوئی مفاہمت قابل قبول ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین کے بیرون ملک چلے جانے یا جلاوطنی اختیار کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ پارٹی نے کہاکہ مرکز کو چاہئے پارٹی قائدین کو جلد رہا کرے۔