ملگ میں منریگا اسکیم کے حق میں جلسہ سے خطاب کریں گے، ریاستی وزیر سیتکا کو ذمہ داری
حیدرآباد۔ 22 فروری (سیاست نیوز) لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی توقع ہے کہ منریگا اسکیم کی بحالی کے لئے قومی سطح پر جاری احتجاج کے حصے کے طور پر آئندہ ماہ تلنگانہ کے ملگ ضلع میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ گزشتہ دنوں تلنگانہ کے چیف منسٹر اور ریاستی وزراء نے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کے ہمراہ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور لیڈر آف اپوزیشن راہول گاندھی سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر منریگا اسکیم کی بحالی کے حق میں احتجاجی پروگرامس پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی نے تلنگانہ میں منریگا اسکیم کی تائید میں جلسہ عام کی تجویز پیش کی اور کہا کہ وہ خود اس جلسہ میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے قبائیلی آبادی والے علاقہ میں احتجاجی جلسہ عام کی تجویز پیش کی جس پر ملگ ضلع سے تعلق رکھنے والی وزیر پنچایت راج سیتکا نے جلسہ عام کے اہتمام کی پیشکش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ مارچ کے دوسرے یا تیسرے ہفتہ میں راہول گاندھی ملگ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ہائی کمان نے تلنگانہ قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ منریگا اسکیم کی برخواستگی کے خلاف شعور بیداری مہم کو دیہی سطح تک پہنچائیں تاکہ عوام یو پی اے دور حکومت کی اسکیم کے فوائد سے واقف ہوسکیں۔ راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ اسکیم کی برخواستگی سے قبائیلی علاقوں کے عوام کو نقصان پہنچا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے قومی سطح پر منریگا اسکیم کے حق میں احتجاج کیلئے منریگا بچاؤ سنگرام کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ریاستی وزیر سیتکا کو شامل کیا گیا۔ سیتکا کو ملگ ضلع میں جلسہ عام کے انعقاد کی ذمہ داری دی گئی کیونکہ تلنگانہ میں منریگا اسکیم کے استفادہ کنندگان کی تعداد سب سے زائد ہے۔ یو پی اے دور حکومت میں منریگا اسکیم کا تلنگانہ سے آغاز ہوا تھا لہذا ہائی کمان نے احتجاجی جلسہ عام کیلئے بھی تلنگانہ کو ترجیح دی ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے اسمبلی میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کرتے ہوئے مرکز سے منریگا اسکیم کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ 1