قائد اپوزیشن راہول گاندھی کی آج آمد

   

وقار آباد میں ضلع کانگریس صدور کے ٹریننگ کیمپ سے خطاب کریں گے
راجیہ سبھا نشست کے کئی دعویدار پارٹی قائد سے ملاقات کے کوشاں
حیدرآباد۔ یکم؍ مارچ (سیاست نیوز) لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی کل 2 مارچ کو حیدرآباد کا ایک روزہ دورہ کرتے ہوئے تلگو ریاستوں کے ضلعی صدور کے ٹریننگ پروگرام سے خطاب کریں گے۔ آندھراپردیش اور تلنگانہ کے نئے ضلع کانگریس صدور کے لئے وقار آباد کے اننت گری میں تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا ہے۔ اے آئی سی سی کے نظریات اور پروگراموں سے ضلعی صدور کو واقف کرانے اور مودی حکومت کی ناکامیوں کو عوام میں اجاگر کرنے کے مسئلہ پر راہول گاندھی کا اہم خطاب ہوگا۔ راہول گاندھی نئی دہلی سے صبح 9:20 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں گے۔ خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ وقار آباد پہنچیں گے اور صبح 10:30 تا سہ پہر 4:30 بجے تک ٹریننگ کیمپ میں حصہ لیں گے۔ پارٹی کے تنظیمی استحکام اور حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے کے لئے ٹریننگ کیمپ منعقد کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی ضلعی صدور سے خطاب کے علاوہ ان سے شخصی طور پر ملاقات کریں گے۔ راہول گاندھی 4:30 بجے وقار آباد سے شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں گے اور شام 5:30 بجے نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ راہول گاندھی کے خطاب سے ٹریننگ کیمپ کا اختتام عمل میں آئے گا اور آخر میں راہول گاندھی کے ہمراہ گروپ فوٹو کا انتظام رہے گا۔ ضلع کانگریس صدور کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے افراد خاندان کے ساتھ دستیاب رہیں تاکہ راہول گاندھی کے ساتھ گروپ فوٹو کھنچوائی جاسکے۔ 10 روزہ ٹریننگ کیمپ سے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دیگر سرکردہ قائدین نے خطاب کیا۔ راہول گاندھی کی آمد کے پیش نظر کئی اہم قائدین ملاقات کی مساعی کررہے ہیں تاکہ راجیہ سبھا کی نشست کیلئے اپنی دعویداری پیش کرسکیں۔ 1

ماؤسٹ سرکردہ قائدین کی راہول گاندھی سے ملاقات کا امکان
حیدرآباد۔ یکم؍ مارچ (سیاست نیوز) حالیہ دنوں میں ماؤسٹ تحریک کو خیرباد کہتے ہوئے قومی دھارے میں شمولیت اختیار کرنے والے سی پی آئی ماؤسٹ کے سرکردہ قائدین کی کانگریس قائد راہول گاندھی سے ملاقات کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ پولیس کے روبرو گزشتہ دنوں سرنڈر ہونے والے سرکردہ قائدین نے راہول گاندھی سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے۔ سرنڈر ماؤسٹ قائدین نے گزشتہ دنوں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے قومی دھارے میں شمولیت اختیار کرنے والے ماؤسٹ قائدین اور کارکنوں کی بازآبادکاری کے لئے نمائندگی کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ ماؤسٹ قائدین نے پولیس عہدیداروں سے درخواست کی ہے کہ وقار آباد آمد کے موقع پر راہول گاندھی سے ملاقات کا انتظام کیا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اس سلسلہ میں صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ سے مشاورت کی۔ راہول گاندھی سے ملاقات کا وقت طے ہونے پر وقار آباد میں ٹریننگ کیمپ کے مقام پر ملاقات کا اہتمام کیا جائے گا۔ سی پی آئی کے جن سرکردہ قائدین نے سرنڈر کیا ان میں پولیٹ بیورو رکن ای تروپتی عرف دیوجی عرف رمیش سنٹرل کمیٹی کے سابق رکن بھی ہیں ان کے علاوہ سی پی آئی ماؤسٹ سنٹرل کمیٹی کے سابق رکن ایم راجی ریڈی عرف سنگرام، پی پرساد راؤ عرف شنکر انا، پی پدماوتی عرف سجاتا، اسٹیٹ کمیٹی کے رکن بی چکاراؤ عرف دامودر اور این نرسمہا ریڈی عرف گنگنا شامل ہیں۔ 1