حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) صدروائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی آندھرا پردیش اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن کے عہدہ کیلئے ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے۔ جگن کی درخواست کو سماعت کیلئے قبول کرتے ہوئے ہائیکورٹ نے اسپیکر اسمبلی کے سکریٹری اور سکریٹری لیجسلیچر کو نوٹس جاری کی ہے۔ جگن موہن ریڈی نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ لیڈر آف اپوزیشن کے رتبہ کیلئے اسپیکر اسمبلی آئینا پاتروڈو سے نمائندگی کی گئی لیکن کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ہائیکورٹ نے جگن موہن ریڈی کے وکیل کو ہدایت دی کہ وہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدہ کے سلسلہ میں درکار قواعد اور روایات کی تفصیلات پیش کریں ۔1
آئندہ سماعت تین ہفتے بعد مقرر کی گئی۔ جگن موہن ریڈی کے وکیل نے شکایت کی کہ سیاسی انتقامی کارروائی کے تحت جگن کو اپوزیشن لیڈر کے عہدہ سے محروم رکھا گیا ہے۔ ہائی کورٹ نے اسپیکر کو دی گئی درخواست کے بارے میں سوال کیا جس پر بتایا گیا کہ 24 جون کو اس سلسلہ میں اسپیکر سے نمائندگی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ اسمبلی میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو محض 11 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اسمبلی قواعد کے مطابق یہ تعداد قائد اپوزیشن کے عہدہ کیلئے ناکافی ہے۔ اسپیکر نے قواعد کا حوالہ دیتے ہوئے جگن کے مطالبہ کو مسترد کردیا تھا۔ اسمبلی میں این ڈی اے ارکان کی تعداد 164 ہے۔1