حیدرآباد/26جولائی ( سیاست نیوز) مجلس کے قائد کی کریم نگر میں تقریر کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی اور دیگر ہندو تنظیمیں سرگرم ہوگئی ہیں اور ریاست بشمول شہر میں بھی کئی پولیس اسٹیشنس میں اس سلسلہ میں شکایتیں درج کروانے اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ بی جے پی اس کا سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے سرگرم ہوگئی ہے اور پارٹی کے ماہرین قانون سے بھی رائے مشورہ حاصل کیا جارہا ہے۔ شہر کے سلطان بازار و سعیدآباد پولیس اسٹیشنوں میں مجلسی قائد کے خلاف شکایتیں درج کروائی گئی ہیں اور اس ضمن میں سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ مسٹر کشن ریڈی نے بھی ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ ایم مہیندر ریڈی سے اس واقعہ سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جبکہ وشوا ہندو پریشد کی جانب سے اس تقریر کے خلاف ریاست گیر احتجاج کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
