قاتل ماں کیلئے فیصلہ سنانے والا جج بھی آبدیدہ

   

لندن۔ 18 اکتوبر (یو این آئی) برطانیہ میں دس ماہ قبل ایک دل دہلا دینے والے واقعہ پیش آیا جس میں ماں نے اپنے ہی 5 سالہ معصوم بیٹے کو موت کی نیند سلا دیا تھا عدالت نے مقدمہ کا فیصلہ سنا دیا۔ یہ ہولناک واقعہ ساؤتھ اوکینڈن کی ایک پرسکون کالونی میں پیش آیا، جس میں 36 سالہ کلئیر بٹن نے اپنے پانچ سالہ آٹسٹک بیٹے لنکن کو گلاگھونٹ کر قتل کر دیا اور پھر خودکشی کی ناکام کوشش بھی کی۔ برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق عدالتی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ اپنے بچے کی بیماری سے تنگ آکر اسے مارنے کے بعد کلیئر نے خودکشی کی کوشش کرتے ہوئے خواب آور گولیاں کھائیں اور اپنی کلائیاں بھی کاٹ لیں مگر زندہ بچ گئی۔ دس ماہ کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے قتل کی واردات کا فیصلہ سنا دیا عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزمہ کو عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔ جج نے فیصلے سناتے ہوئے کہا کہ یہ مقدمہ اُن کے 30 سالہ عدالتی کیریئر کے سب سے مشکل اور تکلیف دہ کیسز میں سے ایک تھا جس کا فیصلہ سناتے ہوئے میں خود بھی افسردہ ہوں۔