ممبئی: معروف اداکار اور مکالمہ نگار قادرخان کے انتقال کو چھ سال گزر چکے ہیں ،عین نئے سال کے موقع پر انہوں نے کینڈا میں آخری سانس لی اور وہیں انہیں سپردخاک کیاگیاتھا ،یہ غم ناک اور دکھ بھری خبر سال 2019 کے آغازمیں موصول ہوئی تھی اور ہندی فلمی دنیا میں صف ماتم بچھ گیا ، 81 سالہ قادرخان طویل عرصے سے بیمار چل رہے تھے ،اپنی مزاحیہ اداکاری سے روتوں کو بھی ہنسا دینے کی قدرت رکھتے تھے ۔ ان کے اجداد افغانستان سے آئے تھے ۔اور پھر ممبئی میں مقیم ہوگئے ۔قادر خان اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کابل سے ممبئی پہنچے اور جنوبی ممبئی کے کماٹی پورہ اورپھرتاڑدیو علاقہ میں قیام کیا ۔ ان کو دلیپ کمار نے فلموں میں متعارف کرایا۔ 300 سے زائد فلموں میں کام کیا،اس سے قبل انجمن اسلام صابو صدیق کالج میں لیکچرار تھے اور ڈراموں کے شوق نے فلمی دنیا تک پہنچا دیااور ریلوے پلیٹ فارم نامی ڈرامہ کافی مشہور ہوا۔ لیکن مرحوم قادرخان کے بارے میں اکثریت اس بات سے لاعلم ہے کہ تقریباً 25سال سے اسلامی تعلیمات کو فروغ دینے اور دین کی ترویج وتبلیغ میں سرگرم رہے ۔
قادرخان صابوصدیق میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہیں پر ٹیکنیکل تعلیم میں درس دینے لگے اور خالی وقت میں نوجوانوں کو ڈرامہ کراتے اور تھیٹر میں اداکاری کرتے اور مکالمے بھی لکھتے رہے ،اور 1970کے عشرے میں فلموں میں موقعہ ملا اور مکالمے اور کہانیاں لکھنے لگے ،لیکن جب اداکاری کا پورا موقعہ ملنے کے بعد انہوں نے ملازمت کو خیرباد کردیا۔ ان کی کلاسوں میں تعلیم حاصل کرنے اور ڈراموں میں کام کرنے کا موقعہ ملا ہے اور حال تک ان کے تعلقات رہے ،کہنا ہے کہ جنوبی ممبئی بدنام ریڈ لائٹ علاقہ کماٹی پورہ میں رہتے ہوئے انہوں نے سول انجنیئرنگ کی تعلیم صابوصدیق پالی ٹیکنک کی تعلیم حاصل کی اوروہیں الجبرا ،اپلائٹ میتھس وغیرہ کی تعلیم کے دوران مدرس بن گئے اور ڈرامہ کا شوق پروان چڑھا۔دراصل کالج میں یہ بات مشہور تھی کہ [؟]جس نے قادرخان کا پلے نہیں دیکھا وہ کالج میں کبھی گیا ہی نہیں [؟]دلیپ کمار نے ان کے ایک ڈرامہ کو کافی پسند کیا اور انہیں فلم سگینہ اور بیراگ میں اداکاری کی پیش کش کی مگر قادر خان کو اس سے قبل ہی فلم جوانی دیوانی میں مکالمہ لکھنے کا کام مل چکا تھا ،بیراگ میں انہیں پولیس انسپکٹر کے رول میں دیکھا جاسکتا ہے ۔ان کا ڈرامہ ‘لوکل ٹرین ’نے جاگرتی ڈرامہ مقابلہ میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی تھی۔