قادر علی بیگ تھیٹر فیسٹیول کا آصف سابع اور منٹو پر ڈراموں کے ساتھ آغاز

   

15 نومبر کو رویندر بھارتی میں وزیر داخلہ محمد محمود علی افتتاح کریں گے
حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : بین الاقوامی سطح پر مشہور قادر علی بیگ تھیٹر فیسٹیول ، جو اردو تھیٹر کی نامور شخصیت قادر علی بیگ صاحب کو ایک خراج ہے ، کے 14 ویں ایڈیشن کا شہر میں آغاز ہورہا ہے ۔ اس فیسٹیول کو پدما شری محمد علی بیگ کی جانب سے منعقد کیا جارہا ہے اور اسے اس سال دوبئی ، لندن ، اور سنگارپور میں منعقد کیا گیا ۔ 15 تا 24 نومبر منعقد شدنی اس فیسٹیول میں 10 متاثر کن ڈرامے پیش کئے جائیں گے ۔ جس کا آغاز 15 نومبر کو رویندرا بھارتی میں ساتویں نظام نواب میر عثمان علی خاں پر پیش کئے جانے والے ڈرامہ کے ساتھ ہوگا جس میں ان کے کارناموں پر روشنی ڈالی جائے گی ۔ اس ڈرامہ کا افتتاح تلنگانہ کے وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی کریں گے ۔ اس ڈرامہ کو نور بیگ نے تحریر کیا ہے اور اس کی ہدایت محمد علی بیگ نے دی ہے ۔ اس ڈرامہ میں اسٹیج کے وٹیرن ایکٹر موہن اگاشے نے محمد علی بیگ اور نور بیگ کے ساتھ اداکاری کی ہے ۔ دوسرا ڈرامہ ہے ’ ایک ہان ‘ جو سعادت حسن منٹو کے بارے میں ہے جس میں مشہور ایکٹرس شیکھر سمن اور سوچترا کرشنا مورتی نے اداکاری کی ہے ۔ اس فیسٹیول کے ڈائرکٹر محمد علی بیگ نے کہا کہ ہر سال قادر علی بیگ صاحب مرحوم کو خراج ادا کرنے کے لیے اس 10 روزہ ایونٹ میں حصہ لینے کے لیے دنیا بھر سے مشہور اسٹیج آرٹسٹس حیدرآباد آتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قادر علی بیگ تھیٹر فیسٹیول نے حیدرآباد کے نام کو تھیٹر کے عالمی نقشہ میں لایا ہے ۔ اس فیسٹیول میں حیدرآباد کے کلچر اور اس کی منفرد تہذیب کو پیش کیا جاتا ہے ۔ شہر میں منعقد ہورہے اس اہم تھیٹر فیسٹیول کے دوسرے ڈراموں میں نادرہ ظہیر ببر ، ارجنٹینا کے اناہی مرٹیلا ، وکاس کھرانہ ، اوشا گنگولی ، منیشا لامبا ، رامن کمار کی جانب سے پیش کئے جانے والے ڈرامے شامل ہوں گے ۔ جو رویندرا بھارتی ، ریڈیسن بلیو پلازا اور تارا متی بارہ دری میں منعقد ہوں گے ۔ اس باوقار فیسٹیول کو کاروی ، تلنگانہ ٹورازم اور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی جانب سے پیش کیا جارہا ہے ۔۔