الماٹی ۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) قازقستان کا ایک مسافر بردار طیارہ جمعہ کے روز ٹیک آف کے فوری بعد حادثہ کا شکار ہوگیا جس میں 15 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ طیارہ میں 98 مسافرین سوار تھے۔ 66 مسافروں کے زخمی ہونے کے بعد ان میں سے 50 مسافروں کو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بیک ایئر کا طیارہ اڑان بھرتے ہی کنکریٹ کی دیوار اور ایک دو منزلہ عمارت سے ٹکرا گیا۔ دریں اثناء الماٹی ایئرپورٹ نے اپنے فیس بک پیج پر اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ طیارہ شعلہ پوش نہیں ہوا اور حادثہ کے فوری بعد ہی بچاؤ کاری شروع کردی گئی تھی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ حادثہ کا مقام برف سے ڈھکا ہوا ہے اور تقریباً 1000 بچاؤ کاری عملہ تندہی سے اپنی خدمات انجام دے رہا ہے اور یہی وجہ ہیکہ 66 افراد کو بچانے میں کامیابی ملی ہے۔ طیارہ ملک کے دارالحکومت نورسلطان جارہا تھا جسے سابق میں آستانہ کہا جاتا تھا۔