قازقستان کے وزیراعظم مستعفی۔ پٹرول قیمتو ں میں اضافہ کیخلاف احتجاج کا شاخسانہ

   

نور سلطان: قازقستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف ملک بھر میں ہونے والے احتجاج اور پْرتشدد مظاہروں کے بعد وزیراعظم عسکر مامن نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قازقستان میں 2 جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ملک گیر احتجاج جاری ہے، احتجاج کے دوران مظاہرین سے جھڑپوں میں 95 پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور 200 مظاہرین کو گرفتار کیا گیا۔مظاہرین نے پیٹرول قیمتوں میں نصف سے زیادہ کمی یا کم از کم گزشتہ برس کے برابر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کے مستعفیٰ ہونے تک ملک گیر احتجاج جاری رہے گا۔عوامی مطالبے پر صدر قاسم نے وزیراعظم سے طویل ملاقات کی جس کے بعد وزیراعظم عسکر مامن نے صدر کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ صدر نے استعفیٰ قبول کرتے ہوئے کابینہ کو بھی برطرف کرنے کا اعلان کردیا۔صدر نے مظاہروں کے گڑھ دارالحکومت الماتے، صوبے منگیستو میں 17 جنوری تک ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔