حیدرآباد 11 مئی (سیاست نیوز) ورنگل ایکسائیز ڈپٹی کمشنر انجن راؤ کی نگرانی میں قاضی پیٹ ریلوے اسٹیشن پر گانجہ اور نشہ آور اشیاء کے خاتمہ کے لئے خصوصی مہم شروع کی گئی جس میں انسپکٹر چندراموہن کی قیادت میں قاضی پیٹ ایکسائیز ٹیم نے انٹلی جنس اِن پٹ کے بعد جامع تلاشی کا آغاز کیا۔ جس میں پتہ چلا کہ وشاکھاپٹنم اور بھونیشور سے مختلف ٹرینوں کے ذریعہ گانجہ کو ممبئی منتقل کیا جارہا ہے۔ اس تلاشی کے دوران اسٹیشن پر بیاگ دستیاب ہوا جس میں ڈرائی گانجہ برآمد ہوا جس کا وزن 14.7 کیلو تھا جس کی قیمت 90 ہزار روپئے بتائی گئی۔ انسپکٹر نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشن پر تحت سکیوریٹی اور تلاشی مہم کو دیکھتے ہوئے اسمگلرس بیاگ کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ انھوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ ان کی شناخت کرتے ہوئے گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ (ش)