قاضی پیٹ میں سہ روزہ عرس کا آج سے آغاز

   

Ferty9 Clinic

زائرین کی سہولت کیلئے تمام انتظامات مکمل، مولانا خسرو پاشاہ کی پریس کانفرنس

ورنگل ۔ درگاہ قاضی پیٹ حضرت افضل شاہ بیابانی ؒ کے عرس تقاریب کا 4 اکتوبر تا 6 اکتوبر انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ چیف وہپ و رکن اسمبلی ڈی ونئے بھاسکر اور سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹ سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ نے عرس تقاریب کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ عرس تقاریب کے موقع پر زائرین کی سہولت کے لئے تمام سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔ خاص طور پر ورنگل کے قریبی علاقہ کریم نگر نرسم پیٹ و دیگر علاقوں کے علاوہ حیدرآباد، اپل رنگ روڈ سے آر ٹی سی بسوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ خسرو پاشاہ نے مزید کہا کہ نہ صرف ورنگل کے قریبی علاقہ بلکہ دیگر ریاستوں سے بھی زائرین کی کثیر تعداد تقاریب کے موقع پر شرکت کرتے ہیں۔ تین روزہ عرس تقاریب کا 4 اکتوبر بروز پیر صندل مالی بڑے گھر سے برآمد ہوگا جو رات میں برآمد کیا جائے گا۔ 5 اکتوبر چراغاں ہوں گی اور 6 اکتوبر بعد نماز فجر بداوا ہوگا جس سے عرس تقاریب کا اختتام ہوگا۔ سجادہ نشین نے کہا کہ تقاریب کے موقع پر ریاستی وزراء وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ کے علاوہ دیگر ریاستی سطح کے اہم قائدین شرکت کریں گے۔ تین روزہ تقاریب میں زائرین کی سہولت کے لئے سڑکوں کی مرمت اور پینے کے پانی کی سہولت کے علاوہ طبی عملہ کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ محکمہ بلدیہ کے عہدے دار اختتامی تقریب تک خدمات انجام دیں گے۔ ٹریفک میں خلل نہ پیدا ہو، اس لئے پولیس دستوں کو تعینات کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر جانشین سجادہ سید بختیار بیابانی، اسسٹنٹ پولیس کمشنر سرینواس، ابوبکر مقامی کارپوریٹر کے علاوہ دیگر اہم شخصیتیں موجود تھے۔